الیکشن کمیشن کو تحریک انصاف پر پابندی لگانے کیلئے میری لاش پر سے گزرنا پڑے گا: بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ
وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر (ر) اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف بیماروں کی طرح باہر جاتے تو اتنا شور نہ ہوتا۔ اُن کے ہشاش بشاش باہر جانے سے تاثر ملتا ہے کہ کچھ گڑبڑ ہوئی ہے۔ اگر میں سارے معاملے میں شامل ہوتا تو ضرور تہہ تک پہنچتا۔ مریم نواز کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی تو مخالفت کروں گا۔ آصف علی زرداری کے ساتھ بھی نواز شریف جیسا سلوک ہونا چاہیے۔ اگرپاکستان میں ان کا علاج نہیں ہے تو باہر جانے دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ میں قسم کھاتا ہوں مشرف نے ججوں کو نظر بند نہیں کیا تھا، جج خود ہی عدالت نہیں جانا چاہتے تھے۔ مشرف کی صحت یابی تک کیس کا فیصلہ موخر کر دینا چاہیے۔ الیکشن کمیشن کو تحریک انصاف پر پابندی لگانے کے لئے میری لاش سے گزرنا پڑے گا، فارن فنڈنگ کیس سے کچھ نہیں ملے گا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے نواز شریف کی بیماری پر سیاست کرنے سے منع کیا تھا۔ اُنہوں نے کہا کہ کابینہ نے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی۔ نیب چونکہ اس مقدمے کی پیروی کر رہا ہے اس لئے ان کی درخواست پر ہی نام ای سی ایل سے نکالا جا سکتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ موجودہ کابینہ میں کچھ زیادہ ہی جمہوریت ہے۔ کابینہ میں زیادہ تر ارکان کی رائے تھی کہ نوازشریف کو بیرون ملک جانے دیا جائے۔


