وزارت پیٹرولیم نے شیل آئل اور گیس کے ذخائر دریافت ہونے کی دوٹوک تردید کر دی
وزارت توانائی نےملک میں شیل آئل اورگیس کےذخائر کی دریافت کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اِس حوالے سےقیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔ واضح رہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں وزارت کے حکام نے بڑی مقدارمیں شیل آئل اور گیس کی ذخائر کی دریافت کے حوالے سے بتایا تھا۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی اجلاس میں ملک میں شیل آئل اور گیس کے ذخائر کی دریافت کےحوالے سےاپنے وضاحتی بیان میں وزارت پیٹرولیم نے کہا کہ اس طرح کی کوئی دریافت نہیں کی گئی ہے اورنہ ہی ایسی کوئی دریافت قریب ہے۔ ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ ڈویژن نے او جی ڈی سی ایل کو پاکستان کی سب سے بڑی آئل اینڈ گیس ای اینڈ پی کمپنی ہونے کی ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ آئندہ ماہ پہلا شیل پائلٹ پروجیکٹ شروع کرے۔ آزمائشی بنیادوں پر یہ صرف ابتدائی تشخیص کی جا رہی ہے۔ اس مطالعے کے لیز کا علاقہ کننر اور پاسکی فیل ڈہے۔ اس سلسلے میں مزید کوئی قیاس آرائی غلط ہے اور اس سے اجتناب کرنا چاہئے۔
2015 میں ہونے والے یو ایس ایڈ کے مطالعے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں شیل آئل / گیس کے ذخائر کی کافی موجودگی ہے تاہم ان وسائل کو ذخائر میں تبدیل کرنے کیلئے موروثی خطرات کے ساتھ اعلی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ اس شیل پائلٹ پروجیکٹ کے نتائج کے بعد ہی پٹرولیم ڈویژن ان شیل ذخائر کی صلاحیت کا اندازہ کرنے کی پوزیشن میں ہوگا۔ اس ضمن میں متعلقہ اپ ڈیٹس کو حسب ضرورت شیئر کیا جائے گا۔ چنانچہ اس معاملے میں قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔


