ہندوستان سے ایک کتاب
ایک کونے میں مجھے روک کے اس نے کہا، شناختی کارڈ لایئے۔ اس کی کاپی چاہیے ہوگی۔ دن کے وقت بھی اس اندھیرے سے ہال میں داڑھی والے صاحب کو پکارا گیا۔ انہوں نے مختلف پلگ لگائے، پھر بتایا کہ مشین چالو ہو رہی ہے۔ میں نے دیکھا کہ جس آدمی کے پیچھے پیچھے میں یہاں آیا تھا، وہ جس کو دیکھتا، اس کو سلام کرتا پھر ایک دو فقرے پھینکتا۔ مشین کے قریب ہی ایک کاؤنٹر کے پیچھے بیٹھے ہوئے آدمی سے اس نے اسی بے تکلُفی سے کہا، لاؤ یار کاغذ دو۔ اس پر وہ جلدی جلدی کچھ لکھتا رہا۔ پھر کاغذ میرے سامنے رکھ دیا۔ یہ ایپلی کیشن ہے، اس پر سائن کر دو۔
اس سرکاری خط کے جواب میں میری ٹوئی پھوٹی درخواست تھی کہ پیکٹ میرے نام آیا ہے، اس کا مجھے افسوس ہے۔ بس اتنی اجازت مل جائے کہ پیکٹ مجھے دیکھنے دیا جائے۔
یہ ایپلی کیشن صاحب کے آفس میں جائے گی، یہ کہہ کر وہ آدمی ایک برآمدے کی طرف مڑ گیا۔
میں نے ادھر ادھر نظر دوڑائی تو ٹوکریاں ہی ٹوکریاں رکھی تھیں۔ ان کے ساتھ کچھ تھیلے۔
اچھا، پان شیڈ کا مطلب یہ تھا۔ پان کی ڈھولیاں تھیں۔ کچھ لوگ ان کے اوپر مزید ٹوکریاں ڈھیر کر رہے تھے، کچھ لوگ ڈھولیوں کو پہیّوں والی گاڑی پر اٹھا کر لے جارہے تھے۔
صاحب ابھی میٹنگ میں ہیں، وہ اطلاع لایا۔ انتظار کریں۔ میں نے سوچا یہاں تک آیا ہوں، اتنا وقت برباد کیا ہے۔ بہتر ہے تھوڑی دیر اور رک کر دیکھ لوں۔ ورنہ یہ سارے مرحلے دوبارہ طے کرنے پڑیں گے۔ میں ایک طرف کو کھڑا ہوگیا۔
اس آدمی نے پوچھا، چائے پئیں گے؟ میں خود کو وہاں کو اجنبی محسوس کر رہا تھا، شاید اس لیے انکار میں سر ہلا دیا۔ میں وہیں کھڑا رہا۔ ادھر جب سے میرے کندھے میں تکلیف ہوئی ہے، میرا سیدھا ہاتھ از خود الٹے ہاتھ کو تھام لیتا ہے کہ یہ ڈھلک نہ پڑے۔
اس وقت بھی ایسا ہوا ہوگا۔
کیا کام ہے؟ یہاں کیوں کھڑے ہیں؟ ایک اور آدمی نے مجھ سے پوچھا جو خود بھی وہاں کھڑا ہوا تھا۔ چھوٹے چھوٹے بال، نوک دار مونچھوں اور حاکمیت والے لہجے سے پتہ چل رہا تھا کہ اس کا تعلق کس ادارے سے ہے۔
میں نے جواب دینا شروع کیا مگر اس نے مجھے یہاں لانے والے آدمی سے اسی لہجے میں کہا، یہاں کیوں لے آئے ہو؟ اندر لے جاکر بٹھاؤ۔ وہاں انتظار کریں۔
اندر ہو یا باہر، انتظار ایک سا ہوتا ہے۔ انتظار جاری تھا کہ کسی نے کہا، صاحب آگئے ہیں۔ ایک صاحب تیز تیز چلتے ہوئے اور ان کے آگے پیچھے دو ایک آدمی اسی رفتار سے چلتے ہوئے ان کے ساتھ۔ کسی نے اس کی توّجہ اس طرف دلائی جہاں میں کھڑا تھا۔
انہوں نے بلوایا، پھر خط پڑھا۔ ”سر ان کی بُکیں ہیں“ میری ایپلی کیشن وصول کرنے والے شخص نے ان سے کہا، پھر خود ہی سوال کرنے لگا۔ ”کیا ہے ان میں؟ اسلامیات کی کوئی کتاب تو نہیں ہے؟ “ اس نے ایسے پوچھا گویا پورنو گرافی کا مال تو نہیں ہے۔
میں نے اسے بتایا کہ میں یونیورسٹی میں پڑھاتا ہوں۔ لکھتا بھی ہوں، اس لیے ہندوستان سے بعض لکھنے والے مجھے اپنی کتابیں بھیج دیتے ہیں۔ میں امپورٹ ایکسپورٹ نہیں کرتا۔
یہ ساری گفتگو صاحب سُن رہے تھے۔ تب تک انہوں نے خط پڑھ لیا تھا۔ ”انڈیا سے کوئی چیز نہیں آسکتی۔ آرڈر آگئے ہیں“ انہوں نے خط دوچار بار جھٹکا اور مجھے واپس کر دیا۔
ہندوستان سے کتابیں کیوں نہیں آسکتی ہیں، میں نے ان سے بحث نہیں کی۔ میں سوچ رہا تھا شاید یہ لحاظ کر لیں اور کتاب مجھے مل ہی جائے۔ مگر ان کا لہجہ قطعیت لیے ہوئے تھا۔ شاید یہ الگ سے پیسے لے کر مان جائیں۔
اچھا، آپ مہربانی کرکے مجھے وہ کتاب دکھا تو دیں۔ مجھے معلوم ہو جائے کہ کون سی کتاب ہے اور کس مہربان نے بھیجی ہے۔ میں بھی سمجھوتے پر راضی ہوگیا۔
اچھا، وہاں چلے جائیں، انہوں نے ایک اور برآمدے کی طرف اشارہ کیا۔ پتہ چلا لفافے، پیکٹ وہاں آتے ہیں۔ کتاب وہاں چیک ہوگی اور پھر سیل لگا کر ڈاک خانے کے محکمے میں دے دی جائے گی کہ مجھے ڈاک سے بھیج دیں۔
اس کاؤنٹر پر کھڑے ہوئے ایک بزرگ سے میں نے کہا، میں یہاں آگیا ہوں تو کتاب مجھے دے بھی سکتے ہیں۔
پیکٹ نہیں مل سکتا، آرڈر نہیں ہے۔ انہوں نے جواب دیا۔
اچھا جناب، آپ اس کتاب کا کیا کریں گے؟ میں نے پوچھا۔ آپ اس کو ضائع تو نہیں کر دیں گے؟
کاش میرے نام آئی ہوئی یہ کتاب شہر کی کسی لائبریری کو عطیہ ہو جائے۔ یا پرانی کتابیں بیچنے والے ٹھیلے تک پہنچ جائے؟ میں سوچ رہا تھا۔
ضائع نہیں کرتے، ان کا ڈسپوزل کرتے ہیں، ان صاحب نے مجھے بتایا۔ مگر وہ کتاب دکھانے پر تیار نہیں ہو رہے تھے کہ جب تک صاحب نہیں کہیں گے آپ کو وہ پیکٹ دکھایا نہیں جا سکتا۔
جن لوگوں نے صاحب کی گفتگو سُن لی تھی، وہ یقین دلانے لگے کہ صاحب نے اجازت دے دی ہے۔ میں بھی بول اٹھا۔ مگر ان کی وہی کہ میں نہ مانوں۔
اتنے میں شور مچا کہ صاحب دوبارہ میٹنگ کے لیے جارہے ہیں۔ کسی نے کچھ کہا ہوگا، انہوں نے وہیں سے ہاتھ لہرا کر اپنے دفتر کے آدمی کو اشارہ کر دیا کہ دکھا دو۔
اجازت ملنے کے بعد ایک نیا مرحلہ۔ لفافوں سے بھرے ہوئے تھیلے میں سے نمبر شمار کے مطابق وہ پیکٹ نکالا گیا اور ایک صاحب دونوں ہاتھوں سے پکڑے کھڑے رہے کہ مبادا میں چھین کر بھاگ جاؤں۔
پیکٹ کے ایک کونے میں انجمن ترقی اردو ہند کا نام اور پتہ لکھا ہوا تھا۔ میں نے لجلجاتے ہوئے کہا کہ پیکٹ کھول کر دکھا دیں کہ کون سی کتاب ہے۔ بھیجنے والے کا شکریہ تو ادا کر دوں۔
کاغذ کاٹنے والی چھری سے پیکٹ کاٹا گیا۔ اوپری حصّہ کھول کر دکھایا گیا، مجموعہ از سلام مچھلی شہری۔ مرتبہ بیدار بخت۔
سلام مچھلی شہری؟ رسالوں میں ایک آدھ نظم ضرور پڑھی تھی مگر کوئی خاص تاثر ذہن میں نہیں بن سکا۔
کتاب میری آنکھوں کے سامنے لاکر واپس اسی پیکٹ میں ٹھونس دی گئی اور پیکٹ اس تھیلے کے ا ندر اس طرح جیسے کہہ رہے ہوں اب تم جا سکتے ہو۔
صاحب، تصویر کھینچ لیں، تصویر۔ کسی نے مشورہ دیا۔ مگر میں وہاں سے چلا آیا۔
جو آدمی میرے ساتھ باہر سے یہاں آیا تھا، اس نے میری طرف غور سے دیکھا۔ اس کی نظروں میں طلب تھی۔ آپ کا کام تو ہوا نہیں، جو آپ کی خوشی ہو وہ دے دیں۔
میں جیب سے بٹوا نکالنے لگا تو اس نے کہا جب ضرورت پڑے مجھے بلا لیں۔ میں ادھر ہی ہوتا ہوں۔
مجھے اب آئندہ ایسی ضرورت نہیں پڑے گی، میں نے اسے یقین دلایا، سلام مچھلی شہری۔ میں نے نام لیا یا سلام کیا، جو کچھ بھی وہ تھا اور وہاں سے باہر چلا آیا۔
٭٭٭ ٭٭٭
نوٹ: اردو کے معروف نظم اور غزل گو شاعر سلام مچھلی شہری یکم جولائی 1921ء کو بھارت کے صوبہ اترپردیش کے ضلع جونپور کے ایک قصبے مچھلی شہر میں پیدا ہوئے۔ پیشہ ورانہ طور پر آل انڈیا ریڈیو کے شعبہ اردو سے وابستہ رہے۔ 19 نومبر 1972ء کو 51 برس کی عمر میں وفات پائی۔
سلام مچھلی شہری غزل کے علاوہ گیت اور سانیٹ کے لئے بھی جانے گئے۔ فکری اعتبار سے ترقی پسند تحریک کا حصہ تھے۔ سنہ 1996ء میں اردو اکیڈمی نے "انتخاب مچھلی شہری” کے عنوان سے ان کی شاعری کا انتخاب شائع کیا۔ ڈاکٹر عزیز اندوری نے اپنی کتاب "سلام مچھلی شہری – شخصیت اور فن” میں ان کی زندگی اور ادبی خدمات کا تنقیدی جائزہ لیا ہے۔



