وزیرِ اعظم عمران خان وزیر قانون فروغ نسیم پر برس پڑے
وزیرِ اعظم عمران خان وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیرِ قانون فروغ نسیم پر برس پڑے۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیرِ اعظم آفس میں جاری ہے۔
دورانِ اجلاس وزیرِ اعظم عمران خان وزیرِ قانون فروغ نسیم پر برس پڑے، ان کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع سے متعلق تمام لوازمات پورے کیوں نہیں کیے گئے۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں وزیرِ اعظم کی سربراہی میں ملکی سیاسی اور سیکیورٹی صورتِ حال کا جائزہ لے رہی ہے۔
واضح رہے کہ آج سپریم کورٹ آف پاکستان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدتِ ملازمت میں 3 سال کی توسیع کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع سے متعلق درخواست کو ازخود نوٹس میں تبدیل کر دیا۔
یاد رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدتِ ملازمت میں وزیرِ اعظم عمران خان نے 3 سال کی توسیع کی تھی جس کا نوٹیفکیشن رواں برس 19 اگست کو جاری کیا گیا تھا۔


