فروغ نسیم نے آرمی چیف کا کیس لڑنے کیلئے استعفیٰ دیا، دوبارہ کابینہ میں شامل ہونا وزیر اعظم کی صوابدید ہے: شہزاد اکبر
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ وزیر قانون فروغ نسیم نے آرمی چیف کا کیس لڑنے کیلئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ فروغ نسیم نے رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دیا ہے۔ وہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے سپریم کورٹ میں پیش ہو کر عدالت کی معاونت کریں گے۔ انہوں نے استعفیٰ اس لیے دیا ہے کیونکہ وفاقی وزیر عدالت کی معاونت نہیں کرسکتے۔
بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ بیرسٹر فروغ نسیم سپریم کورٹ میں آرمی چیف کی طرف سے جبکہ حکومت کے موقف کی وضاحت کرنے کیلئے اٹارنی جنرل انور منصور خان عدالت میں پیش ہوں گے اور عدالت کی باقاعدہ طور پر معاونت کریں گے۔
وفاقی کابینہ میں فروغ نسیم کی دوبارہ شمولیت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ وہ آرمی چیف کے کیس کے بعد دوبارہ بھی کابینہ میں شامل ہوسکتے ہیں لیکن یہ وزیر اعظم کی صوابدید ہے۔


