اگر کوئی ایسا ویسا فیصلہ آتا تو اس کا متبادل بندوبست بھی موجود تھا: شیخ رشید
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ ججوں کے بھی تین سال بڑھنے چاہئے کیونکہ اس وقت قابل لوگوں کا بڑا بحران ہے اور اچھے لوگ پاکستان میں مل ہی نہیں رہے ۔
جیونیوز پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا عمران خان کے خیال میں بہت بڑا مافیا ہے جو نوازشریف کو باہر لے گیا اور مولانا فضل الرحمان کواسلام آباد لایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے بعد حکومت کو فوج کا بڑا سہارا ہے۔ اگر کوئی ایسا ویسا فیصلہ آتا تو اس کا متبادل بندوبست بھی موجود تھا لیکن چیف جسٹس کھوسہ صاحب بڑے نظریاتی جج ہیں جنہوں نے موقع دیا ہے کہ ہم اپنے آپ کو درست کرلیں اور ہماری کلاس بھی لی۔ انہوں نے کہا کہ ججوں کے بھی تین سال بڑھنے چاہئے کیونکہ اس وقت لوگوں کا بڑا بحران ہے اور اچھے لوگ پاکستان میں مل ہی نہیں رہے ۔
انہوں نے کہا کہ فوج کو کسی سطح پر بھی کوئی انکار نہیں ہے۔ آرمی چیف نے فاٹا کی شمولیت اور کرتار پور رہداری کے معاملات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سے بات ہو گی اور بات کرنے والوں کو بات کرنے کا طریقہ آتا ہے۔ شیخ رشید کا کہناتھا کہ اپوزیشن والے خوشی خوشی آئینی ترمیم کیلئے ووٹ دیں گے۔ عمران خان پانچ سال پور ے کریں گے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کے تین سال اورحکومت کے بھی تین سال باقی رہ گئے ہیں، دونوں جمہوریت کے لئے مل کر کام کریں گے۔


