تحریک انصاف کے بانی رکن اور ماہر قانون حامد خان کو پارٹی رکنیت معطل: شو کاز نوٹس جاری


پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور معروف قانون دان حامد خان ایڈووکیٹ کو پارٹی پالیسی سے ہٹ کر بیانات دینا اور حکومتی اقدامات سے اختلاف کرنا مہنگا پڑ گیا۔ پی ٹی آئی نے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر حامد خان کے خلاف سخت ترین ایکشن لے لیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف کے بانی رکن اور سینئر رہنما حامد خان ایڈووکیٹ کو میڈیا پرحکومتی اقدامات پر تنقید اور پارٹی پالیسی کے خلاف بیانات جاری کرنا مہنگا پڑ گیا، حامد خان کے بیانات پر وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عامر کیانی نے ایکشن لیتے ہوئے حامد خان کی پارٹی رکنیت معطل کرتے ہوئے اِنہیں شو کاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عامر کیانی نے حامد خان کو شوکاز نوٹس میں کہا ہے کہ آپ کے بیانات سے پارٹی ساکھ کو نقصان پہنچا۔ آپ نے میڈیا میں بیانات کے ذریعے پارٹی پر غلط الزام لگائے۔ واضح رہے کہ حامد خان نے چند روز قبل ایک ٹی وی انٹرویو میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ تحریک انصاف تبدیلی کی جماعت تھی لیکن اسٹیبلشمنٹ کی جماعت بن گئی، سٹیبلشمنٹ کا تحریک انصاف پر مکمل کنٹرول ہوگیا ہے۔

انہوں نے چوہدری پرویز الٰہی کے بیانات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ پرویز الہیٰ نے بہت بڑی حقیقت بتائی ہے کہ تحریکِ انصاف میں لوگ بھیجے گئے اور اِن لوگوں کے بھیجے جانے سے پی ٹی آئی کا بہت نُقصان ہوا۔ تحریک انصاف پر مفاد پرستوں نے قبضہ کیا اور پارٹی کو بہت نقصان پہنچایا جبکہ وزیر اعظم عمران خان بھی اپنے نظریات سے ہٹ چکے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).