لندن برج حملے کی کوریج: لندن حملہ آور عثمان خان کو ’پاکستانی نژاد‘ لکھنے پر ڈان اخبار کے خلاف احتجاج
پیر کی شام چند نامعلوم افراد نے انگریزی اخبار ڈان کے دفتر کے باہر مظاہرہ کیا اور اخبار میں برطانیہ میں چاقو سے حملہ کرنے والے عثمان خان کے تعارف میں پاکستان لکھنے کے خلاف نعرے بازی کی۔
ڈان اخبار نے اپنی سرخی میں برطانوی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نژاد برطانوی حملہ آور دہشگردی میں سزا یافتہ تھا۔
ڈان کے سٹی ایڈیٹر عدیل رضا نے بی بی سی کو بتایا کہ ان مظاہرین کے بارے میں معلوم نہیں ہے کہ یہ کون لوگ ہیں البتہ وہ دفتر کے باہر اخبار کی سرخی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ ان کے اندازے کے مطابق ان افراد کی تعداد دو درجن سے زیادہ تھی۔
ڈان میڈیا گروپ میں کام کرنے والے صحافیوں نے سوشل میڈیا پر ان نامعلوم مظاہرین سے متعلق بتایا کہ انھوں نے دفتر کا گھیراؤ کر رکھا ہے۔
ڈان اخبار کے رپورٹر کاشف عباسی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’دو درجن کے قریب جتھے نے مظاہرہ کیا جن میں سے اکثریت نے وہ خبر ہی نہیں پڑھی تھی جس پر وہ احتجاج کر رہے تھے‘۔
قائد اعظم کے اخبار Dawnکے خالاف آج دو درجن کے قریب جھتے کا مظاہرہ۔۔اکثریت مظا ہرین جس خبر پر احتجاج کر رہے تھے انھوں نے وہ پڑھی ہی نہیں۔ جھتا آپنے اپنا کردار ادا کرنے کے بعد چل دیا۔
— Kashif Ali Abbasi (@AbbasiKashif833) December 2, 2019
صحافی شیراز حسن نے اس احتجاج کی ویڈیو بھی ٹویٹر پر شیئر کی۔
Dawn News #Islamabad – hope staff inside office building is safe. pic.twitter.com/t48d9ITOrR
— Shiraz Hassan (@ShirazHassan) December 2, 2019
برطانیہ میں لندن برج حملے میں ملوث شخص عثمان خان کی شہریت بطور پاکستانی نژاد برطانوی سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث شروع ہوئی۔
یہ بحث اس وقت چِھڑی جب پاکستان کے وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ڈان کی اس خبر سے متعلق ہیڈ لائن کو ٹوئٹر پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
فواد چوہدری کا اپنی ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ’ڈان برائے مہربانی اس قوم پر کچھ ترس کھائیں۔
’میں برطانوی دہشتگردوں کو پاکستان سے جوڑنے کی آپ (ڈان) کی گھٹیا کوششوں پر حیران ہوں۔ انور العولاقی اور انجم چودھری دونوں برطانوی شہری ہیں اور ان کا کشمیر یا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ برطانیہ کو اپنے اندرونی مسائل سے خود نمٹنا چاہیے۔ یہ غیرذمہ دارانہ اور گھٹیا رویہ ہے۔‘
Dawn walas please have some mercy on this Nation, shocked on your cheap attempt to link a British terroist to Pakistan, Anwar Al Awlaki and Anjem ch both are brit origin nothing to do with Kashmir or Pak, Britain should handle its problem within—irresponsible n cheap attitude pic.twitter.com/tvldBCNMUd
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) December 1, 2019
وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیرین مزاری نے بھی اپنے ساتھی وزیر کے ساتھ اتفاق کرتے ہوئے ٹویٹ کیا اور کہا کہ ’ڈان کا اپنا ایجنڈا‘ ہے۔
Dawn has its own agenda – read The News where their UK based reporter has given details of the man's life incl the fact he was born in UK! https://t.co/R8HF4ZBfHu
— Shireen Mazari (@ShireenMazari1) December 1, 2019
اپنی ٹویٹ میں فواد چوہدری نے ایک اور پاکستانی انگریزی اخبار ‘دی نیوز’ کی لندن برج حملے سے متعلق خبر کی طرف دھیان دلاتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں مقیم رپورٹر مرتضیٰ علی شاہ نے اس شخص (عثمان خان) کی زندگی کی تفصیلات فراہم کی ہیں جس میں یہ بھی شامل ہے کہ وہ برطانیہ میں پیدا ہوا۔


