بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا ذمہ دار کون؟


بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والوں کا تدارک ضروری ہے۔ بحثیت قوم ہماری اجتماعی قومی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے اور دوسروں کے بچوں کا تحفظ کریں۔ افسوس کہ ہمارا تعلق ایک اسلامی ریاست سے ہے جہاں طاقت ور گروہوں کے خلاف آواز اٹھانا کسی ایک فرد کے بس کی بات نہیں ہے۔

حکومت کی جانب سے ایسے واقعات کی روک تھام اور ان میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائیوں کے لیے قانون سازی بھی کی گئی ہے تاہم ان اقدامات کے باوجود پاکستان میں بچوں کے جنسی زیادتی کے واقعات سامنے آنے کا سلسلہ رک نہیں رہا۔ قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے ایسے واقعات بڑھ رہے ہیں۔

اس سال صرف پنجاب میں ہی خواتین کے ساتھ ریپ کے 3700 سے زائد واقعات پیش آئے۔ ایک رپورٹ کے مطابق 2018 میں 3832 اور 2017 میں 3442 واقعات رپورٹ ہوئے۔ افسوس کے ساتھ کیونکہ ہمارے ملک میں قانون اندھا ہے۔

بچوں کی لاشیں گٹروں، کھیتوں، کچرے کے ڈھیروں سے ملتی ہیں۔ تیزاب پھیکنا، کاری کرنا، پیسوں کے لئے اپنی عورتوں کو بیچنا سب کچھ جائز سمجھا جاتا ہے۔ یہاں یتیم بے سہارا بچوں کو اُن کے سر پر ہاتھ رکھنے کے بجائے اُن کو غلط استعمال کیا جاتا ہے۔

سکول سے لے کر کالج تک اور کالج سے لے کر یونیورسٹی اور پھر آفس تک خواتین کو ہراساں کیا جاتا ہے۔ لڑکیوں کو ملازمت اور پروموشن ان کے جسم سے مشروط کر دی جاتی ہے۔ بات یہاں تک محدود نہیں مدرسے میں پڑھنے والے بچے اپنے اساتذہ سے محفوظ نہیں۔

اللہ تعالی کا لاکھ شکر ہے کہ اللہ نے ہمیں محمدؐ کی اُمت میں پیدا کیا ورنہ تو ہمارے کام قوم لوط سے زیادہ مختلف نہیں۔ قوم لوط کی سرکشی اور بدفعلی جب قابل ہدایت نہ رہی تو اللہ کی طرف سے عذاب آگیا تھا۔ حضرت جبرائیل علیہ السلام چند فرشتوں کو ہمراہ لے کر آسمان سے اُتر پڑے فرشتے بہت ہی حسین اور خوبصورت لڑکوں کی شکل میں تھے اس قوم کو بدکاری کا خیال آیا وہ قوم اللہ کے عذاب سے تباہ و برباد ہوئی۔

سوال یہ ہیں؟

1۔ کیا یہ کھیل ایسے ہی چلتا رہے گا؟

2۔ کیا بحثیت شہری کسی بھی برائی کو روکنے میں ہماری کوئی ذمہ داری نہیں؟

3۔ کیا ریاست کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات ان واقعات کی روک تھام کے لئے کافی ہیں؟

4۔ کیا ہمارے خاموش رہنے سے معاشرے میں برائیاں ختم ہو جائیں گی؟

ہمارا مستقبل بہت بھیانک ہے اگر آج ہم دوسروں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کو خاموش تماشائی بنے دیکھتے رہے تو کل اُن بچوں کی جگہ ہمارے بچے ہوں گے۔ ہمیں تباہ کرنے کی کسی اور کو ضرورت نہیں ہم خود تباہی کی دلدل میں پھنس چکے ہیں جہاں سے واپسی کا راستہ نظر نہیں آتا۔

راستے بھول گئے بانگ درا بھول گئے

کیا ہے منزل کا پتہ رہنما بھول گئے