عمران خان کو تحریک عدم اعتماد کی صورت میں پی ٹی آئی کے 20 سے 25 ارکان ووٹ نہیں دیں گے: ڈاکٹر شاہد مسعود


سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف اگر تحریک عدم اعتماد آتی ہے تو 20 سے 25 ارکان عمران خان کو ووٹ نہیں دیں گے اور یہ پی ٹی آئی کے اپنے ارکان ہوں گے۔ عمران خان اپنے ذرائع سے اس بات کو کنفرم بھی کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ 20 اور 25 کے درمیان ایسے ارکان ہیں، جو عمران خان کا ساتھ چھوڑ دیں گے۔ میں اتحادیوں کی بات نہیں کررہا ، بلکہ یہ اراکین تحریک انصاف کے اپنے ہیں۔

اگر وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آتی ہے تو پی ٹی آئی کے اپنے ارکان ساتھ چھوڑ دیں گے۔ یہ ارکان کسی بیماری یا دیگر وجوہات کی بنا پر ووٹ نہیں کریں گے۔ ووٹوں کی گنتی میں 25 تک ارکان غائب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ خبر ہے۔ عمران خان کو چاہیے کہ اپنے ذرائع سے اس خبر کو چیک کروا لیں کہ متعدد ارکان اپنا قبلہ تبدیل کرنے کیلئے تیار بیٹھے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا سب سے بڑا محاذ پنجاب ہے جسے وہ خود سپروائز کررہے ہیں۔ عثمان بزدار سے ہٹ کرعمران خان نے بیوروکریسی سے براہ راست خود رپورٹ لینا بھی شروع کی ہے۔ جس بیوروکریسی سے عمران خان رپورٹ لے رہے ہیں، وہی بیوروکریسی پل پل کی رپورٹ لندن بھی بھیج رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).