مریم نواز بتائیں کہ وہ خاموش کیوں ہیں؟ 83 نشستوں والی مسلم لیگ ن کی سیاست ناقابل فہم ہے: حامد میر

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  

سینئر تجزیہ کار حامد میر نے کہا ہے کہ مریم نوازسے گزار ش ہے کہ وہ بتائیں خاموش کیوں ہیں؟ مریم نواز لندن والد کی عیادت کیلئے ضرورجائیں لیکن یہ بتائیں خاموش کیوں ہیں؟ کیا آپ کو نوازشریف یا شہبازشریف نے خاموش کروایا ہے؟ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگی رہنما کہتے ہیں عمران خان نے پاکستان کو تباہ کردیا، ہم ان کو نکالیں گے۔ کیا ن لیگ لندن میں بیٹھ کر عمران خان کو نکالے گی؟ عمران خان کو نکالنے کیلئے سیاسی جوڑ توڑ لندن میں نہیں، اسلام آباد میں کرنا پڑے گا۔ کیا آپ میڈیا، وکلاء اور لوگوں کو بے وقوف بنائیں گے؟

حامد میر نے کہا کہ نوازشریف 4 ہفتے کیلئے علاج کروانے لندن گئے ہیں، ان کو مزید دو ہفتوں بعد واپس آ جانا چاہیے۔ لیکن اب مریم نوازنے عدالت میں درخواست دائر کی ہے کہ انہیں 6 ہفتوں کیلئے باہر جانے کی اجازت دی جائے۔ مریم نوازخاموش بھی ہیں، ان کو کسی نے بولنے سے نہیں روکا۔ مریم نوازسے سوال پوچھا جائے کہ آپ نے درخواست دی ہے کہ میں والد کی عیادت کیلئے جانا چاہتی ہوں۔ جبکہ آپ کا دعویٰ ہے کہ آپ کی ضمانت میرٹ پرہوئی ہے۔ لیکن آپ نے 2 ہفتے پہلے درخواست دائر کیوں نہیں کی؟

حامد میر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی سیاست ناقابل فہم ہے، ن لیگ کنفیوژڈ سیاست کررہی ہے۔ لگتا نہیں کہ یہ اپوزیشن کی سیاست ہے۔حکومت کے خلاف بڑے نعرے لگانے سے آپ بڑے سیاستدان نہیں بن جاتے، آپ کو اپنے قول وفعل سے بتانا چاہیے کہ آپ واقعی اپوزیشن کی سیاست کر رہے ہیں۔ اب اگر نوازشریف علاج کیلئے طبی بنیادوں پر گئے ہیں تو ساتھ میں شہبازشریف بھی چلے گئے۔ بعد میں لندن میں پارٹی رہنماؤں کا اجلاس بھی بلا لیا، اب پیچھے مریم نواز کو بھی بلانا چاہ رہے ہیں۔ کیا آپ پاکستان کی سیاست کررہے ہیں یا انگلینڈ کی سیاست ہورہی ہے۔

اب اگر نوازشریف کی واپسی میں 2ہفتے باقی رہ گئے ہیں تو مریم نوازنے چھ ہفتے کیلئے درخواست دی ہے، اس سے ن لیگی ووٹرز سپورٹرزسوچ رہا ہوگا کہ ہم کس طرح کی جماعت کے ساتھ ہیں؟ میرا نہیں خیال کہ مریم نواز کو اب لندن جانا چاہیے کیونکہ وہاں ساری فیملی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف اگرعمران خان نوازشریف کو باہر بھیجنے پر اپنے بارے میں مشکوک ہیں تو دوسری طرف اپوزیشن بھی اپنے آپ کو عوام کی نظروں میں مشکوک بنا رہی ہے۔ حامد میر نے کہا کہ شہبازشریف اندر اور باہر ایک ہی بات کرتے ہیں کہ ہمیں اسٹیبلشمنٹ کے خلاف نہیں جانا چاہیے۔ مجھے لگ رہا تھا کہ مریم نواز نوازشریف کے بیانیے کی سیاست کر رہی ہیں لیکن اب ان کی بھی کوئی سمجھ نہیں آرہی۔ مسلم لیگ (ن) کی قومی اسمبلی میں 83 سیٹیں ہیں لیکن ان کی سیاست کی کوئی سمجھ نہیں آ رہی۔

Comments - User is solely responsible for his/her words

  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •