پرندوں کے خواب


\"naseer-ahmad-nasir\"پرندے خواب دیکھتے ہیں
کہ زمین پر غلے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں
قفس ٹوٹے پڑے ہیں
اور مکانوں کی جگہ گھونسلے بن گئے ہیں!

پرندے خواب دیکھتے ہیں
کہ پہاڑ پھر سے
قدیم آسن جمائے بیٹھے ہیں
زمین کھیتوں اور جنگلوں سے ڈھکی ہوئی ہے
جھیلیں شفاف پانیوں سے بھر چکی ہیں
اور درخت پھولوں اور پھلوں سے لد گئے ہیں!

پرندے خواب دیکھتے ہیں
کہ سمندروں کی لہریں
پُر سکون ساحلوں کو نغمہ ء تر سنا رہی ہیں
جزیروں پر دھوپ پاؤں پھیلائے
نیم برہنہ لیٹی ہوئی ہے
آسمان صاف اور نیلا ہے
اور بستیاں انسانوں سے خالی ہو چکی ہیں!

Facebook Comments HS