بلاول بھٹو کی آواز سنائی کیوں نہیں دیتی؟


چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کہاں خاموش ہیں؟ بلاول بھٹو زرداری کی آواز سنائی نہیں دیتی، سننا نہیں چاہتے یا سننے کاحوصلہ نہیں رکھتے؟

قومی اسمبلی ہو یا پریس کانفرنس یا جلسہ عام چیئرمین بلاول بھٹو کا بیانیہ اندھوں کو درست سمت دکھانے کے مترادف ہوتا ہے۔ سہیل وڑائچ تو الفاظ کی حرمت کا ادراک رکھتے ہیں ان سے چیئرمین پیپلز پارٹی کو چپ رہنے کا طعنہ دینے کی توقع نہیں تھی وہ چیئرمین پیپلزپارٹی کا مظفر آباد کا خطاب ہی غور سے سنتے اور اپنے روزنامے میں حرف بہ حرف شائع کرنے کی جرات تو کرتے۔

سہیل وڑائچ سینیئر ترین صحافی اور کالم نویس ہیں جانتے تو ہوں گے ہی کہ بلاول بھٹو اپنے خطاب میں کس سے مخاطب ہوتے ہیں، کس کو چوٹ لگاتے ہیں۔ دراصل چیئرمین پیپلز پارٹی پسے ہوئے، کچلے ہوئے اور استحصال زدہ عوام کی بات کرتے ہیں جب وہ طاقت کا سرچشمہ عوام کو کہتے ہیں استحصالی ٹولے کے ماتھے پر شکن آجاتی ہے مظفر آباد میں اپنے خطاب میں چیئرمین بھٹو نے کہا تھا ”ارب پتیوں کے لئے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم آتی ہے مگر کسانوں، مزدوروں چھوٹے تاجروں چھوٹے دکانداروں کے لئے کوئی ایمنسٹی نہیں آتی، ارب پتی بنکرز اور ارب پتی اسٹاک بروکرز کے لئے بیل آوٹ پیکج لایا جاتاہے مگرطلبہ نوجوانوں اور بزرگوں کے لئے کوئی بیل آوٹ نہیں۔

صاف ظاہر ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اگر غیر مراعات یافتہ طبقات کی بات کریں گے تو ان کیآواز کس طرح سننے میں آئے گی؟ جب چیئرمین پیپلز پارٹی اقتصادی راہداری کے حوالے سے اس کے بانی صدر آصف علی زرداری کاوژن یاد دلاتے ہیں کہ چین پاکستان سے اربوں ڈالر کی اجناس خریدے گا مگر نالائق حکومت نے سی پیک کو بھی متنازع بنادیا تو شخصی مفادات کے اسیروں کو غصہ آ جاتا ہے۔

اپنے خطاب میں بلاول بھٹو نے سوال کیا تھا کہ ہمارا ملک ذرعی پیداور میں خود کفیل ہو چکا تھا آج ہر بڑی فصل کی پیداور میں کمی کیوں ہو رہی ہے یہ سوال ان طفیلی جڑوں کو ناگوار گزرتا ہے جوکسانوں کی حوصلہ شکنی کرکے ملک کی ذراعت کو تباہ کرتے ہیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مظفر آباد میں خطاب میں جو بات کی وہ کسی اور میں کرنے کی جرات ہی نہیں انہوں نے کہا تھا ”اگرآپ واقعی ایک پاکستان چاہتے ہو تو آپ کو یہ سوچنا ہوگا کہ آپ بڑے بڑے اداروں جن کا کام کاروبار کرنا ہی نہیں جو ہماری معیشت میں کسی بھی کاروباری کے مقابلے میں سب سے زیادہ طاقتور اور بڑے ہیں ان کو کب تک ٹیکس نیٹ سے باہر رکھیں گے سب کو مل کراس ملک کی ترقی میں حصہ ڈالنا ہوگا کوئی مقدس گائے نہیں“ سہیل وڑائچ صاحب آپ چپ کا طعنہ دینے سے پہلے بلاول بھٹوزرداری کے بیانیہ کو سنتے اور شائع تو کرتے۔

معاف کیجئے گا صاحب، چیئرمین بھٹو تو سوشل ڈیموکریسی کے لئے آواز بلند کر رہے ہیں اگر ان کی آواز آپ کو سنائی نہیں دیتی توممکن ہے کہ آپ کی کچھ مجبوریاں ہوں مگر صا حب، چیئرمین بھٹو کے راستے میں کوئی مجبوری رکاوٹ نہیں انہیں اس بات کی کوئی فکر نہیں کہ انگاروں بھرے راستے میں ان کے ساتھ کوئی چلتا ہے یا نہیں، ان میں یہ ظرف ہے کہ کسی کو کم حوصلہ ہونے کاطعنہ تو دور کی بات ہے شکوہ بھی نہ کرنے کا جگر رکھتے ہیں۔ جب وزیرستان کے عوام کے منتخب نمائندوں محسن داوڑ اور علی وزیر کو دہشت گرد کہا جا رہا تھا تو چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے آواز بلند کی کہ عوام کے منتخب نمائندے دہشت گرد نہیں ان کے دفاع میں وہ کھل کر سامنے آئے تھے۔

اصل بات یہ ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری استحصال کے مارے طبقوں کی آواز ہیں اس لئے ان کی آواز کسی مراعات یافتہ کوسنائی نہیں دیتی۔