دعا منگی کو بازیاب کروانے کیلئے تاوان کی رقم کہاں ادا کی گئی؟


ڈیفنس کراچی سے اغوا ہونے والی نوجوان خاتون دعا منگی گزشتہ روز بازیاب ہو کر خیریت سے گھر پہنچ گئی ہے تاہم اہل خانہ کی جانب سے پولیس پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کسی قسم کی کوئی تفصیلات شیئر نہیں کی جا رہیں تاہم اب پولیس ذرائع نے تاوان کی رقم ادا کرنے کی جگہ کا مقام بتا دیا ہے ۔

نجی ٹی وی جیو نیوز نے پولیس ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ دعا منگی کو بازیاب کروانے کیلئے اہل خانہ نے تاوان کی رقم ساؤتھ زون کراچی میں واقع مسجد کے قریب ادا کی۔ رقم دینے سے پہلے تفتیشی حکام کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ تفتیشی

ٹیم کا کہنا ہے کہ تین دن قبل عزیز بھٹی تھانے کے اہلکاروں کے ساتھ دعا منگی کے اغوا کاروں کا مقابلہ ہوا جس دوران نقاب پوش ملزمان نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ کر دی جس میں دو اہلکار زخمی ہوئے تھے جبکہ پولیس کی فائرنگ سے ایک ملزم کے زخمی ہونے کا شبہ ہے ۔

تفتیشی ٹیم کا کہنا تھا کہ ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار کو پانچ گولیاں لگیں جبکہ ایک پولیس اہلکار کے ماتھے سے گولی چھو کر گزر گئی تھی۔ دعا منگی کے اغوا اور پولیس مقابلے میں استعمال ہونے والی گولیوں کے خول فرانزک ٹیسٹ کے دوران میچ کر گئے ہیں۔ دعا منگی کو اغوا کرنے کے لئے فیروز آباد سے چھینی گئی گاڑی استعمال کی گئی۔ ملزمان نے جعلی نمبر پلیٹ بھی ماڈل سے ملتی جلتی ہی استعمال کی، ملزمان کا تعلق منظم گروہ سے ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).