وکیل بھانجا اور میرا کپتان


چند جاہل لوگ مین میڈیا اور سوشل میڈیا میں عمران خان کے بھانجے حسان خان نیازی کی پرتشدد کارروائیاں کرنے کی ویڈیو لگا کر اُس کے خلاف ایکشن کا کہہ رہے ہیں۔ ہم سیاست میں اِس حد تک گر جائیں گے کہ اپنے باپ دادا کی روایات تک بھلا دیں گے ایسا میں نے کبھی سوچا بھی نہ تھا۔

میرے دوست جانتے ہیں کہ میں اِس حکومت کا بہت بڑا ناقد ہوں مگر میں ایک بہن یا اُس کی اولاد کی حفاظت کو اٹھائے عمران کے اقدامات کی تعریف نہ کروں تو یہ میرے ضمیر پر تا قیامت بوجھ رہے گا۔

اپوزیش اور ملک دشمن میڈیا کو بھی یہ بات سمجھنی ہو گی کہ ہمارے معاشرے میں تو بہن کی عزت کے خاطر بھائی اپنی گردنیں کٹوانے تک سے دریغ نہیں کرتے۔ جانی و مالی قربانی کو ہر پل حاضر رہتے ہیں۔ تو ہم کیوں چاہتے ہیں کہ عمران خان اس روایت سے انحراف کریں۔

پچھلے دنوں  لاہور میں وکلا کی جانب سے جو رویہ اپنایا گیا اِس پر میرے کپتان نے نہ صرف شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے بلکہ شرپسندی کرنے والے وکلا کو کیفرکردار تک پہنچانے کا عہد بھی کیا ہے۔ اس لیے میں سیاسی مخالفت اور ذاتی عداوت کو ایک طرف رکھتے ہوئے عمران خان کے اِس قابل ستائش رویے کی حمایت کرتا ہوں اور اُن کے ہر قول پرآنکھیں بند کر کے بھروسا کرتا ہوں جیسے اِس سے قبل کپتان کے ٹائیگرز پینتیس پنکچرز، ایک ارب درخت، تین سو ڈیم، گورنر ہاؤس یونیورسٹیوں، سائیکل پر آفس جانا، آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا، پروٹوکول نہ لینا، سڑکوں کے بجائے تعلیم پر خرچ کرنا، ختم نبوت پر پہرہ دینا اور ایم کیو ایم کے قاتلوں سے رابطہ نہ رکھنا جیسے مشکل وعدوں کے پورے ہونے پر ایمان رکھتے تھے۔

بندہ اُس درزی کے پاس دوبارہ سوٹ سلوانے کو نہیں جاتا جو مقرر تاریخ پر سوٹ نہ دے یا اُس دودھ والے پر بھروسا نہیں کرتا جو شدید موسم میں چھٹی کر لے۔ تو میں اپنے کپتان پر کیسے بھروسا نہ کروں؟ جس نے سیاست کی آگ میں اپنا ہر قول پورا کیا مجھے اب بھی سو فیصد یقین ہے کہ انشاءاللہ وہ ضرور اپنے اِس قول پر بھی عمل کرے گا۔

لیکن میرا کپتان کسی کے پریشر میں نہ آیا ہے اور نہ کبھی آئے گا۔ بے شک میڈیا، سوشل میڈیا اور سول سوسائٹی بکواس کرتی رہے اُس نے اپنے بھانجھے حسان نیازی پر اِن تمام واقعات میں ملوث ہونے کے باوجود کیس نہیں ہونے دینا کیونکہ یہ رویہ ہماری روایات سے متصادم ہے۔

عوام کو بھی سوچنا چاہیے کہ اگر ہزار دو ہزار وکیل خود اِس واقعہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے جیل جانے اور کیسس کا سامنا کرنے کو تیار ہے تو بہن کے بیٹے کا نام کسی کیس میں ڈال کر اِس ملک میں ابھی زندہ چند اچھی روایات کو پامال کرنا ضروری ہے؟

Facebook Comments HS