فوج کے سربراہ کی مدت ملازمت میں توسیع پر حکومت قانون سازی نہ کر سکی تو نیا سربراہ آئے گا: سپریم کورٹ


جنرل قمر جاوید باجوہ
جنرل قمر جاوید باجوہ نے بدھ کی شب وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ہونے والے ہنگامی اجلاس میں بھی شرکت کی تھی

پاکستان کی سپریم کورٹ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ اس فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اگر حکومت چھ ماہ کے عرصے میں موجودہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق قانون سازی نہ کر سکی تو جنرل باجوہ ریٹائر ہو جائیں گے۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں سے مذاکرات کے لیے ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو جلد اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے کر آرمی ایکٹ میں ترمیم کا مسودہ تیار کرے گی۔ تاہم پاکستان مسلم لیگ نواز کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف نے حال ہی میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں تقریر کے دوران لندن میں نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہر مظاہر ے کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسے واقعات سے ان کی جماعت آئینی ترامیم اور ایوان کی کارروائی بہتر انداز میں چلانے کے سلسلے میں حکومت سے تعاون نہیں کر سکتی۔

بینچ کے رکن جسٹس منصور علی شاہ کا تحریر کردہ فیصلہ سپریم کورٹ کی جانب سے پیر کی سہ پہر جاری کیا گیا۔

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق عدالتِ عظمیٰ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ اٹارنی جنرل نے اس حوالے سے یقین دہانی کروائی ہے کہ پارلیمان اس معاملے پر چھ ماہ کے اندر قانون سازی کرے گی، مگر وفاقی حکومت اگر ایک جنرل اور نتیجتاً آرمی چیف کی ملازمت کے دورانیے اور اس کی شرائط کو قانون کے ذریعے ضابطے میں نہ لا سکی تو اس کے نتیجے میں آرمی چیف کے آئینی عہدے کو مکمل طور پر بےضابطہ اور ہمیشہ جاری رہنے کے لیے چھوڑا نہیں جا سکتا کیونکہ یہ ‘ناقابلِ تصور’ اور ‘آئینی مضحکہ خیزی’ ہو گا۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ اس مدت کے گزرنے کے بعد صدر مملکت وزیرِ اعظم کی سفارشات کی روشنی میں کسی بھی حاضر سروس جنرل کو نیا آرمی چیف تعینات کریں گے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ فوج میں یہ روایت رہی ہے کہ کوئی بھی جنرل تین سال کی مدت مکمل کرنے کے بعد ریٹائر ہو جاتا ہے لیکن کسی ادارے کی روایت کو قانون کا متبادل قرار نہیں دیا جاسکتا۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ نہ تو قانون میں اور نہ ہی آرمی ایکٹ میں جنرل رینک کے افسر کی ریٹائرمنٹ کا ذکر ہے۔

اس فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 243 کی ذیلی شق 4 کے تحت صدرِ مملکت آرمی چیف کی تنخواہ اور ان کے الاؤنس کو ریگولیٹ کرتا ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید کہا ہے کہ جنرل کی مدت ملازمت اور ریٹائرمنٹ قانون میں متعین نہیں ہے اس لیے آرمی چیف کی مدت ملازمت کا معاملہ مستقل بنیادوں پر حل کیا جائے۔

فیصلے میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ قانون میں جنرل کی مدت ملازمت سے متعلق کوئی شق موجود نہیں ہے چنانچہ منتخب نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاملے پر قانون سازی کریں۔ فیصلے کے مطابق آرمی ریگولیشن کا سیکشن 255 جنرل کی مدت ملازمت میں توسیع کا اختیار نہیں دیتا اور یہ شق صرف عارضی مدت ملازمت کے لیے استعمال ہو سکتی ہے۔ اس فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی آرمی چیف کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کا ذکر کہیں بھی نہیں ہے اور وزیر اعظم کو ایسا کرنے کا اختیار بھی نہیں ہے۔

اس فیصلے میں کہا گیا ہے اٹارنی جنرل نے اس از خود نوٹس کی سماعت کے دوران یہ یقین دہانی کروائی تھی کہ حکومت موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے بارے میں پارلیمنٹ سے قانون سازی کروائے گی۔

جسٹس منصور علی شاہ نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ عدالت عظمیٰ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے کو بے ضابطہ نہیں چھوڑے گی کیونکہ سپریم کورٹ کے سامنے مقدمہ ہی یہی تھا کہ کیا آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی جاسکتی ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا ہے کہ اگر ادارے مضبوط ہوں گے تو ملک ترقی کرے گا۔ اس فیصلے میں کہا گیا ہے منتخب نمائندوں کے پاس اختیار ہے کہ وہ آرمی چیف کے معاملے پر قانون سازی کریں۔

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے اس فیصلے کے ساتھ ایک اضافی نوٹ بھی لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف کےعہدے میں توسیع، دوبارہ تقرری کا کسی قانون میں ذکر نہ ہونا حیرت انگیز تھا۔ اُنھوں نے کہا کہ ملکی آئین کے تحت صدر کے مسلح افواج سے متعلق اختیارات قانون سے مشروط ہیں۔

چیف جسٹس نے اپنے اضافی نوٹ میں کہا ہے کہ آرمی چیف کا عہدہ کسی بھی عہدے سے زیادہ طاقتور ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ آرمی چیف کا عہدہ اہم حیثیت اور لا محدود اختیارات کا حامل ہوتا ہے اس لیے غیر متعین صوابدید خطرناک ہوتی ہے۔

چیف جسٹس نے اپنے اضافی نوٹ میں لکھا ہے کہ پارلیمنٹ میں قانون سازی سے اس بارے میں تاریخی علطیاں درست کرنے میں مدد ملے گی۔ چیف جسٹس نے اپنے اضافی نوٹ میں برطانیہ کے سابق چیف جسٹس سر ایڈوڈ کوک کے ایک فیصلے کا بھی حوالہ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ‘آپ جتنے بھی اوپر چلے جائیں قانون آپ کے اوپر ہے۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp