انصاف کا فوری انتقام اور التوا کی پشیمانی


\"ramishسپریم کورٹ نے ازخود نوٹس کی بنیاد پہ قتل کے مقدمے میں ملوث دو بھائیوں کو بری کر دیا، بس کچھ ذرا تاخیر ہو گئی اور اتنی ہی ہوئی کہ صرف ایک سال قبل دونوں کو پھانسی دی جا چکی ہے، یہی کچھ مظہر حسین کے کیس میں ہوا کہ ہمیشہ کی طرح بس ذرا سی دیر ہو گئی ورنہ انصاف آپ کی دہلیز پہ پہنچ ہی جاتا وہ تو برا ہو کہ موت انصاف سے چست نکلی. پہلے ہی دہلیز پہ آ بیٹھی۔

یہ سیشن کورٹ کا نوحہ ہے؟ ہائیکورٹ کا نوحہ یا سپریم کورٹ کا؟ یہ نظام کی خرابی ہے یا قسمت پہ ڈال دیں؟ یہ خوشی کا مقام ہے کہ تاخیر سے سہی چلو انصاف تو ملا؟ یا دکھ میں مبتلا کر دینے والی بات ہے کہ ایسی بھی کیا تاخیر بھیا کہ اگلا بندہ جان سے ہی جائے؟ ہم خوش ہو جائیں کہ چلو برسوں بعد سہی، کسی نے مقدمے میں موجود تکنیکی خامیوں اور سامنے کے حقائق کو پرکھا اور تضادات کو پکڑا یا افسوس کریں کہ جو لوگ نیچے بیٹھے ہیں وہ اتنی صلاحیت نہیں رکھتے؟ کیا اب ہر شخص سپریم کورٹ تک اپنے مقدمے کے پہنچنے کا انتظار کرے اور پھر اگر بہت انتظار کے بعد کوئی جج ہی سننے سے انکار کر دے تو کیا کرے؟

ایسے ہی کچھ اور مقدمے ہیں، کچھ اور ملزم ہیں جنہیں انتظار ہے کہ موت یا انصاف پہلے دہلیز پہ کون پہنچے گا؟ ہمیں بھی انتظار ہے کہ جو لوگ چوک چوراہے بند کئے نعرے بازی کر رہے ہیں عوام کو ہراساں کر رہے ہیں اذیت کا سامان بنے بیٹھے ہیں، یا سوشل میڈیا پہ ملزم کو مجرم ثابت کرنے کی مہم چلائے ہوئے ہیں ان تک بھی ایسی خبریں پہنچتی ہیں یا نہیں؟ کیا آپ ایک لمحہ رک کر سوچتے ہیں کہ جسے مجرم کہہ رہے ہیں، ملعون کہہ رہے ہیں، تعصب اور انتہاپسندی کی عینک پہنے انصاف کے نام پہ کسی اور بات کا تقاضا فرما رہے ہیں کہیں ایسا ہوا کہ ایک روز ان مقدمات میں بھی جھوٹ اور تضاد پکڑا گیا تو کیا ہو گا؟ اس تضاد اور تکنیکی خامیوں کی نشاندہی سے پہلے موت آن پہنچی تو آپ کیا کریں گے؟ کیا آپ کو معافی مل جائے گی اپنے ضمیر سمیت ہر عدالت سے؟ اور اگر آپ کو لگتا ہے کہ معافی مل ہی جائے گی کیونکہ نیت میں فتور نہ تھا تو پھر یہ معافی کی سہولت باقی لوگوں کو بھی عنایت کر دیں جو آپ کے نزدیک مجرم ہیں۔عشق کو جذباتیت، نعرے بازی، طاقت کے زور پر کمزور کے استحصال جیسے دکھاوے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔ انصاف کے نام پر انتقام کا تقاضا زیادتی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments