فوجی ترجمان عدالتی فیصلہ تسلیم کریں، سویلین بالادستی کے لئے پھانسی کی سزا پرعمل ہونا چاہیے: سینیٹر ساجد میر


مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ ساجد میر نے کہا ہے کہ فوجی ترجمان کو عدالت کا فیصلہ تسلیم کرنا چاہیے۔ پرویز مشرف کو سنگین غداری کیس میں ملنے والی سزا کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ اَب پھانسی کی سزا کے فیصلے پر عمل درآمد ہونا چاہیے تاکہ سویلین بالا دستی کا خواب حقیقت بن سکے۔

سابق صدرپرویزمشرف کی سزا پر ردِعمل دیتے ہوئے سینیٹر ساجد میر کا کہنا تھا کہ دلیرانہ فیصلہ کرنے پر عدالت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ حکومت نے سنگین غداری کیس میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی جو ناکام ثابت ہوئی۔ پرویزمشرف کے حواریوں کے ساتھ حکومت کو بھی شکست کامنہ دیکھنا پڑا۔ آج جمہوریت کی فتح کا دن ہے۔  اُنہوں نے کہا کہ اِس فیصلے کے بعدطالع آزماؤں کی طرف سے جمہوریت پرشب خون مارنے کاباب بندہوجائے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ فوجی ترجمان کو بھی عدالت کافیصلہ تسلیم کرنا چاہیے۔ فوج سرحدوں اور ملکی سلامتی کے لیے خدمات انجام دیتی ہے، یہی اُس کا مینڈیٹ ہے۔ تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہو گا۔ اس فیصلے سے نواز شریف کی سویلین بالادستی کی تحریک کو جلا ملی ہے۔

Facebook Comments HS