اشتہاری ہونے کے باعث پرویز مشرف کی اپیل بھی شاید داخل نہ ہو سکے: اعتزاز احسن
پیپلزپارٹی کے رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ مشرف کو اپیل کا موقع ملے گا، قانون اپیل کا راستہ دیتا ہے۔ اپیل کے لیے مجرم کو خود حاضر ہونا پڑتا ہے لیکن مشرف بیمار ہیں۔ اگر عدالت مان لے تو مشرف کے بغیر بھی اپیل ہو سکتی ہے۔ امکان ہے کہ سپریم کورٹ پرویز مشرف کی بیماری کے باعث انہیں رعائت دے کر بیرون ملک سے اپیل کا حق فراہم کر دے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک جج نے فیصلے سے اختلاف کیا ہے جس پر سزائے موت نہیں ہو سکتی۔ اس بات میں جواز ہے کہ پرویز مشرف کو اکیلے کیوں سزا دی گئی، ان کے سہولت کار ملزمان کو کیوں سزا نہیں دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ بادی النظر میں مشرف کو بیماری کی صورت میں چھوٹ مل سکتی ہے، بیماری کی صورت میں نواز شریف کی مثال ہمارے سامنے ہے۔
نجی نیوز چینل اے آر وائی نیوز میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کو بالکل اپیل کا حق ملنا چاہئے، اپیل میں وکلا دلائل دے سکتے ہیں کہ صرف مشرف کو سزا کیوں دی گئی، مشرف جواز پیش کرسکتے ہیں کہ شوکت عزیز اور دیگر کو سزا کیوں نہیں دی گئی، اپیل کے فیصلے تک سزائے موت پر عملدرآمد نہیں ہو سکتا۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ پرویز مشرف کے حکم پر تمام ججز کو بے اختیار کردیا گیا تھا، ان کے غیرقانونی اقدام سے انکار نہیں کیا جا سکتا، پرویز مشرف نے ایمرجنسی لگائی اور جمہوری حکومت کا خاتمہ کیا تھا۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ عدلیہ آئین کے تحت ایک ادارہ ہے، اس پر چڑھائی نہیں کی جاسکتی۔


