مشرف کا اوپن اینڈ شٹ کیس تھا: چیف جسٹس آصف کھوسہ


چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ اپنے فیصلوں میں قرار دے چکی ہے کہ پرویز مشرف کا کیس اوپن اینڈ شٹ کیس تھا۔ پرویز مشرف کا کیس واضح تھا۔ انہیں دفاع کے لیے متعدد مواقع فراہم کیے گئے۔ کیس کو طول دیا جا رہا تھا۔ اگر ہم جلدی نہ کرتے تو معاملہ سالوں تک طول پکڑتا۔ میڈ یا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تاخیر ی حربوں کے باوجود معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا۔

ذرائع کے مطابق چیف جسٹس نے مزید کہا کہ عرفان قادر نے 100 مرتبہ پروگراموں میں کہا کہ میں نے نواز شریف کو گاڈفادر لکھا، میں نے پاناما کیس کے فیصلے میں گاڈفادر نہیں لکھا، پھر سسیلین مافیا کی بات بھی مجھ سے جوڑ دی گئی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ قادری کیس کے فیصلہ پر سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا پیغام ملا کہ آپ کو سیکورٹی دیں گے، ایک دن سوچا پھر جواب دیا اگر ایک دفعہ سیکورٹی کی گود میں بیٹھ گئے تو نکل نہیں سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ قانون کی حکمرانی سے معاشرے اور ملک ترقی کرتے ہیں، آرمی چیف کی توسیع کے فیصلے کے دوررس اثرات ہونگے جو آپکو بعد میں پتا لگیں گے۔

Facebook Comments HS