پرویز مشرف کو سزائے موت دلوانے میں کس نے کیا کردار ادا کیا؟


پرویز مشرف کی جانب سے آئین کی خلاف ورزی کرنے پر ان کے خلاف سنگین غداری کیس بنانے کے تین اہم کردار ہیں۔ افتخار محمد چوہدری نے بطور چیف جسٹس آف پاکستان 31 جولائی 2009 کو فل کورٹ کی سربراہی کرتے ہوئے رولنگ دی تھی کہ مشرف نے 3 نومبر 2007 کو ایمرجنسی نافذ کرکے آئین کی خلاف ورزی کی تھی اور ان پر سنگین غداری کا مقدمہ چلایا جائے۔  نا صرف یہ فیصلہ دیا گیا بلکہ بعد میں یہ بھی کہا گیا کہ اس فیصلے پر من و عن عملدرآمد کیا جائے۔

پیپلز پارٹی کی حکومت نے کامیابی سے اس فیصلے کے نفاذ سے اپنے پاؤں کھینچ لئے اور مشرف کے خلاف سنگین غداری کی شکایت دائر نہیں کی۔ تاہم پیپلز پارٹی نے خصوصی عدالت کی جانب سے سابق آمر پر سزائے موت کے نفاذ کا خیرمقدم کیا ہے۔ 2013 میں نواز شریف کی حکومت کے چند ہی روز بعد چیف جسٹس نے حکومت پر زور دینا شروع کیا کہ فیصلے پر عمل درآمد کراتے ہوئے وہ سنگین غداری کے الزام میں مشرف کا ٹرائل شروع کروائے۔  تاہم بظاہر حکومت ہچکچاہٹ کا شکار تھی کیونکہ وہ نئی مدت شروع ہوتے ہی کوئی بحران پیدا نہیں کرنا چاہتی تھی۔

افتخار چوہدری نے عمل درآمدی کارروائیوں کا آغاز کیا اور آخرکار ایک موقع پر دھمکی دی کہ وہ عدالتی ہدایت کی مسلسل حکم عدولی پر نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کا عمل شروع کریں گے۔  آخرکار وزیر اعظم کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا اور مشرف کا ٹرائل شروع کرنا پڑا۔ وزیر اعظم نے اسمبلی میں آکر خصوصی عدالت کی تشکیل کا اعلان کیا۔ مشرف کے خلاف ٹرائل شروع ہوگیا۔ یوں مشرف کو مجرم قرار دلوانے کے اہم کرداروں میں سے ایک نواز شریف تھے جس کے باعث انہیں بھاری قیمت ادا کرنا پڑی۔

 اس سے قبل اکتوبر 1999 میں اسی آمر نے انہیں مارشل لاء لگا کر معزول کردیا تھا اور انہیں سعودی عرب جلاوطن کردیا تھا۔ ایک چیف جسٹس (افتخار چوہدری)، ایک وزیر اعظم (نواز شریف) اور ایک وکیل (اکرم شیخ) کے علاوہ خصوصی عدالتوں کے دو جج یعنی پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ اور لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم جنہوں نے مشرف کو سنگین غداری کا مرتکب قرار دیا، انہوں نے نہایت جرات مندانہ فیصلہ دیا جس سے ناصرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی ارتعاش پیدا ہوگیا ہے۔

پاکستان کی تاریخ میں آئین میں آرٹیکل 6 کی شمولیت کے بعد سے پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ اعلیٰ دستاویز کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف ہائی ٹریزن ٹرائل کیس شروع ہوا اور اسے مجرم قرار دیا گیا۔ تیسرا نڈر کردار ایڈوکیٹ اکرم شیخ کا ہے جنہوں نے خصوصی پراسیکیوٹر کی حیثیت سے کام کیا جن کی تقرری وفاقی حکومت نے کی تھی۔ خصوصی عدالت میں بھرپور قوت سے اس کیس کی کارروائی کے لئے انہیں بہت سے مصائب اور نقصانات کو جھیلنا پڑا۔ یہ ان کی پیشہ وارانہ کوششوں کا نتیجہ ہے کہ مشرف کو سزا سنائی گئی۔

یہ فیصلہ شدید علیل سابق حکمران کے لئے کسی دھماکا خیز خبر سے کم نہیں۔  خصوصی ٹریبونل نے نئی تاریخ رقم کردی ہے۔