عمران خان کی 29 رکنی کابینہ میں 15 وفاقی وزیر پرویز مشرف کے ساتھی رہ چکے ہیں


سابق صدر پرویز مشرف کو سزائے موت کے فیصلے کے بعد یہ مطالبہ زور پکڑ گیا ہے کہ ان کے ساتھیوں کے خلاف بھی غداری کے مقدمے چلائے جائیں، یہ بھی کہا جاتا ہے کہ مشرف کی آدھی سے زیادہ کابینہ اس وقت عمران خان کے ساتھ وزارتوں کے مزے اٹھا رہی ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ عمران خان کی کابینہ کے ارکان (وفاقی وزرا، وزرائے مملکت) کی تعداد 29 ہے جن میں سے 15 لوگوں کا تعلق سابق صدر پرویز مشرف کے ساتھ رہا ہے۔ اس فہرست میں کابینہ میں شامل مشیروں اور معاونین خصوصی کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔  عمران خان کی کابینہ میں 25 لوگوں کے پاس وفاقی وزارتیں ہیں جن میں سے صرف 10 لوگ مشرف کی کابینہ کا حصہ نہیں تھے۔

وفاقی کابینہ میں شامل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک اور ڈاکٹر فہمیدہ مرزا پیپلز پارٹی سے پی ٹی آئی میں آئے تاہم وہ مشرف کی کابینہ کا حصہ نہیں رہے۔

حماد اظہر نے پی ٹی آئی سے اپنی انتخابی سیاست کا آغاز کیا لیکن ان کے والد نے مسلم لیگ ق کی بنیاد رکھی تھی۔ حماد اظہر کے والد میاں اظہر ق لیگ کے پہلے صدر تھے۔ وفاقی کابینہ میں شامل 15 لوگ مشرف کی کابینہ یا ان کی جماعت کا حصہ یا ان کے اتحادی رہ چکے ہیں، ان میں غلام سرور خان، زبیدہ جلال، شفقت محمود، طارق بشیر چیمہ، خالد مقبول صدیقی، اعجاز شاہ، فروغ نسیم، مخدوم خسرو بختیار، اعظم خان سواتی، عمر ایوب خان، محمد میاں سومرو، شیخ رشید احمد، پیر نورالحق قادری، فواد چوہدری اور صاحبزادہ محبوب سلطان شامل ہیں۔

Facebook Comments HS