حفیظ اللہ نیازی بیٹے کے دفاع میں کھل کر سامنے آ گئے
حسان اللہ نیازی کے والد حفیظ اللہ نیازی اپنے بیٹے کے دفاع میں سامنے آگئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بیٹے کی توڑ پھوڑ کرنے یا تشدد پر اکسانے کی ایک ویڈیو بھی دکھا دیں، بیٹے کو خود پیش کروں گا۔
تفصیلات کے مطابق حسان اللہ نیازی کے والد حفیظ اللہ نیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حسان نیازی نے کوئی قتل نہیں کیا، اس کا میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وکلا کا پی آئی سی پر حملہ قابل مذمت ہے۔ تاہم انہوں نے مزید کہا کہ پولیس موبائل کا دروازہ کھولنے میں کوئی جرم نہیں ہے۔ ہرشخص اپنے حساب سے سوچتا ہے۔
یاد رہے کہ پی آئی سی واقع میں ملوث حسان نیازی کی گرفتاری پولیس کیلئے چیلنج بن گئی ہے۔ 5 سے زائد جگہوں پر چھاپے مارے جانے کے باوجود ابھی تک ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔
آٹھ روز گزرنے کے بعد بھی وزیراعظم عمران خان کے بھانجے اور معروف تجزیہ کار حفیظ اللہ نیازی کے صاحبزادے حسان نیازی کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ پولیس ذرائع کے مطابق حسان نیازی ساتھیوں سمیت لاہور سے فرار ہو گئے ہیں۔ پولیس سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی تلاش کر رہی ہے لیکن ابھی تک پولیس کو کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے بھانجے بیرسٹر حسان نیازی کو بھی سانحہ پی آئی سی کے چار روز بعد دررج کی جانے والی ایف آئی آر میں نامزد کردیا گیا تھا۔ ملزم حسان نیازی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ سانحہ پی آئی سی کے وقت پولیس گاڑی کو جلانے اور توڑ پھوڑ کرنے میں برابر کے شریک پائے گئے ہیں۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ حسان نیازی کی گرفتاری کیلئے ان کے رہائش گاہ پر پانچ چھاپے مارنے کے باوجود پولیس انہیں گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ سیاسی حلقوں نے قیاس ارائی کی ہے کہ ملزم حسان نیازی اپنے گھر کی بجائے اپنے ماموں کے گھر میں پناہ لئے ہوئے ہے جہاں پولیس کیلئے ریڈ کرنا ممکن نہیں۔


