چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کا نام ای سی ایل پر ڈالا جائے: رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین


پاکستان تحریک انصاف کے رہنما، قومی اسمبلی کے رکن اور ممتاز عالم دین عامر لیاقت حسین سوشل میڈیا پر چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے خلاف مہم کا حصہ بن گئے ہیں۔

واضح رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کا فیصلہ آنے کے بعد چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں ریٹائرمنٹ کے بعد کیمبرج اور ہارورڈ میں فیلوشپس کی آفر ہوئی ہے جسے قبول کر لیا ہے۔ اس کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جسٹس آصف سعید کھوسہ ملک سے باہر چلے جائیں گے۔ ایسے میں چیف جسٹس کے خلاف سوشل میڈیا پر ایک مہم بھی چل پڑی ہے جس کا حصہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عامر لیاقت بھی بن گئے ہیں۔

عامر لیاقت حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں ایک تصویر شئیر کی ہے جس پر درج ہے کہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے قبول کیا ہے کہ مشرف کیس کا فیصلہ جلدی میں کیا گیا۔

ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے ایک اور تصویر ٹویٹ کیا جس پر درج ہے کہ کھوسہ صاحب ملک میں آگ لگا کر باہر بھاگنے لگے ہیں۔ ان کا نام فی الفور ای سی ایل میں ڈالا جائے۔

عامر لیاقت حسین نے ایک اور ٹویٹ میں خصوصی عدالت کے اس فیصلے کو متعصبانہ فیصلہ قرار دے دیا۔ ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا چیف جسٹس کو باہر جانے کی اتنی جلدی کیوں ہے؟

یاد رہے کہ ماضی میں عامر لیاقت حسین اپنے ٹویٹ پیغامات میں جسٹس آصف سعید کھوسہ کو عظمت میں ترک صدر طیب اردوگان سے تشبیہ دیتے رہے ہیں۔

Facebook Comments HS