حکومت مقدمے میں مدعی تھی، پرویز مشرف کی سزا میں کمی نہیں، اضافہ کروا سکتی ہے: قمر زمان کائرہ


پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ خصوصی عدالت کے فیصلے کے بعد اب حکومت عدالت میں یہ نہیں کہہ سکتی کہ سزا میں کمی کی جائے مگریہ ضرور کہہ سکتی ہے کہ سزا کم ہوئی ہے، اس میں اضافہ کیا جائے کیونکہ حکومت اس کیس میں مدعی تھی ۔

نجی نیوز چینل میں گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ نے کہا کہ خصوصی عدالت کے فیصلے میں نامناسب الفاظ استعمال کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ججز کو الفاظ کے استعمال میں احتیاط برتنی چاہئے تھی۔ اس وقت پورے ملک میں فیصلے کے ایک پیرا گراف پر بحث کی جارہی ہے جس سے جج نے جو باقی فیصلہ دیا ہے، اس پر بھی زد آ گئی ہے۔

قمر زمان کائرہ کا کہناتھا کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں جا کر ٹھیک ہوجائے گا۔ اس وقت بڑے تدبر اور تحمل کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ا س فیصلے کوادارے کی تضحیک کے ساتھ نہیں جوڑنا چاہئے۔ دنیا میں بڑے طاقتور لوگوں کو سزائیں دی گئی ہیں۔ یہ کیس کئی سال سے چل رہاتھا، حکومت چاہتی تو اس کیس کو واپس لے سکتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اب حکومت عدالت میں یہ نہیں کہہ سکتی کہ سزا میں کمی کی جائے مگر یہ ضرور کہہ سکتی ہے کہ سزا کم ہوئی ہے، اس میں اضافہ کیا جائے کیونکہ حکومت اس کیس میں مدعی تھی ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).