”گریٹ ڈیپریشن“ روزویلٹ اور عمران خان


اکتوبر 1929 کو امریکی سٹاک مارکیٹس بری طرح سے کریش کر گئیں۔ سرمایہ داروں نے مندی کی شکار مارکیٹس کا حال دیکھتے ہوئے اپنا سرمایہ نکال لیا۔ آدھے سے زائد بینکس دیوالیہ ہوگئے۔ بینک لوگوں کو ان کے فنڈز واپس کرنے کی پوزیشن میں نہ رہے۔ اس کے اثرات سے مختلف کمپنیاں اور صنعتیں بھی نہ بچ سکیں۔ کمپنی مالکان نے مزدوروں کو کمپنیوں سے نکالنا شروع کر دیا۔ لوگوں کے چلتے بستے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے۔

یوں 1935 تک امریکی بے روزگاروں کی تعداد 15 ملین تک جا پہنچی۔ صنعتی اور زراعتی پیداوار آدھی رہ گئی۔ کسانوں کے پاس اتنے بھی وسائل نہ رہے کہ وہ اپنی فصلیں کاشت کر سکیں۔ اس پر مزید یہ کہ ملک کے ایک حصے پر قحط سالی کا راج رہا۔ حالات بد تر سے بدترین ہوتے چلے گئے۔ امریکی تاریخ میں اس دور کو ”گریٹ ڈیپریشن“ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

1932 میں جب فرینکلن ڈیلانو روزویلٹ امریکہ کے صدر منتخب ہوئے تو انہوں نے 100 دن کے منصوبہ کا اعلان کیا۔ اس منصوبے کے تحت صنعت ’زراعت کی پیداوار بہتر بنانے اور روزگار کی فراہمی کے لیے قانون سازی کی گئی۔ ”New Deal“ کے تحت ڈیمز اور الیکٹریسٹی کے پراجیکٹس کی منظوری دی گئی۔ 8.5 ملین لوگوں کو 1935۔ 1943 کے دوران مستقل بنیادوں پر بھرتی کیا گیا۔ صدر روزویلٹ نے عوام میں تقاریر کے طویل سلسلے کا آغاز کیا۔ اس کے لیے ریڈیو سیٹس عام کیے گئے۔

عوام کو اپنے صدر کی تقریر کا شدت سے انتظار ہوتا کہ ان کے صدر کیا کہنے جا رہے ہیں۔ روزویلٹ وقتاً فوقتاً عوام کو اپنی پالیسیوں سے متعلق عوام کو اعتماد میں لیتے اور ملکی صورتحال سے آگاہ کرتے رہتے۔ عوام میں بھی یہ احساس پایا جاتا تھا کہ کٹھن اور مشکل کی اس گھڑی میں وہ تنہا نہیں ہیں۔ گویا عوام اور حکمران سنگین حالات سے نبرد آزمائی کے لیے شانہ بشانہ صفِ اول میں کھڑے ہیں۔

کسی حد تک پاکستان کے موجودہ حالات میں بھی ”گریٹ ڈیپریشن“ کی ایک جھلک نظر آتی ہے۔ لیکن اس بارے میں وزیرِاعظم عمران خان روزویلٹ بنتے دکھائی نہیں دیتے۔ وزیراعظم عمران خان کو بھی چاہیے کہ وہ بھی روزویلٹ کی اسکیموں اور منصوبوں سے استفادہ کریں۔ جیسے امریکی عوام روزویلٹ کو اپنا محسن مانتی ہے اسی طرح عمران خان بھی یہی مقام اپنی قوم میں حاصل کر سکتے ہیں۔ اس دورِ میڈیا میں وزیراعظم عمران خان کو بھی چاہیے وہ میڈیا کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرکے عوام کو حالات سے با خبر کرتے رہیں ’اپنی کارکردگی اور عزائم کے بارے مطلع کرتے رہیں تاکہ عوام کو اس گومگوں کی کیفیت سے نجات ملے اور بہتر حالات کی چمک نظر آئے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments