آرمی چیف کی توسیع کے فیصلے پر نظرثانی درخواست دائر کر دی گئی
حکومت نےآرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پرنظرثانی درخواست دائر کر دی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے آ رمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی اپیل میں لارجر بینچ تشکیل دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں کیس کو ان کیمرہ سماعت کے لیے مقرر کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست میں فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔
وزیرقانون فروغ نسیم اٹارنی جنرل سے ملاقات کے لئے سپریم کورٹ آئے جس میں نظرثانی درخواست دائرکرنے سےمتعلق مشاورت کی گئی اور آرمی چیف کی مدت ملامت کے فیصلے پر نظرثانی درخواست کا ڈرافٹ تیارکیا گیا۔
اس سے قبل وزیر قانون فروغ نسیم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ نظر ثانی درخواست کا مسودہ تیار کر لیا ہے۔ درخواست آج دائرکر دی جائے گی۔ سپریم کورٹ نے فیصلے میں کئی آئینی نکات کا جائزہ نہیں لیا۔ بہت سے آئینی معاملات پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔


