جھوٹے مقدمے میں چھ ماہ عقوبت خانے میں رکھا گیا، اپنے لئے ووٹ نہیں، ووٹ کے لئے عزت مانگتے ہیں: رانا ثنا اللہ


سابق وزیر قانون پنجاب و رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ انہیں ایک جھوٹے اور بےبنیاد مقدمے میں 6 ماہ تک عقوبت خانے میں رکھا گیا، چھ ماہ بعد ضمانت ہوئی تو میں اسے انصاف نہیں کہتا۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ چھ ماہ تک جھوٹے مقدمہ میں صعوبتیں برداشت کرنے پر مجاز اتھارٹی کو ایکشن لینا چاہیے جبکہ 15 کلو ہیروئن انہوں نے گودام سے لی ہے اور اپنے ہی لوگوں کو گواہ بنا کر پیش کیا۔

فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ اگر اتنا بڑا نیٹ ورک تھا تو اس کے دیگر لوگ کیوں نہیں پکڑے گئے؟ میرے ساتھ تفتیشی افسر کی گفتگو کی ویڈیو کیوں نہیں پیش کی گئی؟

انہوں نے کہا کہ اللہ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ ایک مرتبہ بھی ہیروئن کا نشہ نہیں کیا جبکہ اللہ کو جان سب کو دینی ہے۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ ان کو معلوم ہے کہ جھوٹا کیس ڈالا گیا ہے، اسمبلی کے فلور پر بھی یہ موقف دہراؤں گا۔

 رہنما ن لیگ نے کہا کہ میں پہلے 100 فیصد جماعت کے ساتھ کھڑا تھا، اب ہزار فیصد کھڑا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گھٹیا سیاسی انتقام کامیاب نہیں ہوگا

رانا ثنااللہ نے کہا کہ یہ مقدمہ جھوٹ اور فراڈ تھا۔ میری ساکھ کو خراب کرنے کے لیے یہ سارا ڈرامہ رچایا گیا جبکہ میں نے پوری زندگی میں ایک بار بھی ہیروئن کا نشہ نہیں کیا۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ اللہ کو حاضر ناظر جان کر سچ کہہ رہا ہوں، جن لوگوں نے یہ جھوٹا مقدمہ مجھ پر بنایا، اللہ تعالیٰ کا قہر اور غضب نازل ہو اور اگر میں جھوٹ بول رہا ہوں تو مجھ پر اللہ تعالیٰ کا قہر اور غضب ہو۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ میں اپنی جماعت اور اپنے لیڈر میاں نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہوں، اس قسم کے حربے اور سیاسی انتقام کامیاب نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہتے ہمیں ووٹ دو، ہم کہتے ہیں عوام کو عزت دو اور عوام کے فیصلے کو عزت دو۔ عوام کے فیصلے کو تسلیم کرو۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ان کو معلوم ہے کہ انہوں نے یہ جھوٹا کیس کیا،اللہ تعالیٰ نے ہمیں آج بھی سرخرو کیا ہے، آگے بھی کرے گا۔ ہم ان ہتھکنڈوں سے رکیں گے نہیں، ہم اپنا سفر جاری رکھیں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments