ہندو ہونے کی وجہ سے کھلاڑی دانش کنیریا کے ساتھ کھانا نہیں کھاتے تھے: شعیب اختر
پاکستان کے مایہ ناز سابق کرکٹر شعیب اختر نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی ٹیم کے ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی دانش کنیریا جب کھانے کی میز پر آتے تھے تو ٹیم کے کئی کھلاڑی ان کے ساتھ کھانا کھانے سے گریز کرتے تھے۔
دوسری طرف دانش کنیریا نے کہا ہے کہ ہندو مذہب سے تعلق رکھنے کی وجہ سے انہیں ٹیم میں شعیب اختر، انضمام الحق، یونس خان اور محمد یوسف کے سوا کسی کھلاڑی کی طرف سے عزت اور سپورٹ نہیں ملی۔
دانش کنیریا نے کہا کہ وہ شعیب اختر کی بہت زیادہ عزت کرتے ہیں۔ شعیب اخترکے اس بیان کے بعد ان کی عزت مزید بڑھ گئی ہے۔
دانش کنیریا نے کہا کہ ان میں اس بات کا حوصلہ نہیں تھا کہ وہ اپنے ساتھ ہونے والے اس سلوک کے بارے میں بات کریں لیکن اب شعیب اختر کی وجہ سے ان میں حوصلہ پیدا ہو گیا ہے اور وہ جلد ہی ان تمام کھلاڑیوں کے نام بتائیں گے جو صرف ہندو ہونے کی وجہ سے ان کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ انضمام الحق کھلاڑیوں کو منع کرتے تھے کہ مذہب کی بنیاد پر کسی بھی کھلاڑی سے نفرت نہیں کرنی چاہئے۔ انضمام کہتے تھے کہ دانش کنیریا پاکستان کے لئے کھیلتا ہے اس سے بڑا کوئی اعزاز نہیں۔
دانش کنیریا نے مزید کہا کہ انہیں اپنی ماتا جی کی آشیرباد حاصل ہے۔ وہ پیدائشی طور پر ہندو ہیں اور مرتے دم تک اپنے مذہب پر قائم رہیں گے۔


