انصاف اور تحریک انصاف


ہمارے ہینڈسم اور بہادر کپتان۔ آپ پاکستان کو تحریک انصاف کی حکومت کی مددسے ریاست مدینہ میں بدلنے آئے ہیں۔ یہ ناچیز کچھ گزارشات بغرض یادہانی لکھ رہا ہے۔ شاید یہ امور مندرجہ ذیل ریاست مدینہ بننے کی راہ میں پتھر ہوں۔ امید ہے کہ یہ امورآپ کی طبیعت پر گراں نہیں گزریں گے۔

1۔ کیا ماڈل ٹاؤن (جس کا نام لے کر آپ حکومت میں آئے ہیں ) کے متاثرین کو انصاف مل گیا؟
2۔ کیا نقیب اللہ محسود کو انصاف مل گیا؟
3۔ کیا ذہنی معذور صلاح الدین کو انصاف مل گیا؟

4۔ کیا معصوم زینب کے بعد قصور کے کمسن بچوں اور بچیوں کو ریاست مدینہ کی حفاظت مل گئی؟
5۔ کیا واقعہ ساہیوال میں بچ جانے والے بے گناہ بچوں کو انصاف مل گیا؟
6۔ کیا احمدیہ مذہب کی سیالکوٹ میں موجود قدیم عبادت گاہ کو منہدم کرنے والوں سے انصاف کا سلوک کیا گیا؟

7۔ کیا پی آئی سی میں جاں بحق ہونے والے سات مریضوں کو انصاف مل گیا؟
8۔ کیا مشعال خان کو انصاف مل گیا؟
9۔ کیا سندھ میں کتوں کے کاٹنے سے مرنے والے بچوں کو انصاف مل گیا؟

10۔ کیا مردان کی معصوم بچی اسما ء جسے زیادتی کے بعد قتل کر دیاگیا، کو انصاف مل گیا؟
11۔ کیا جنید حفیظ کو چھ سال قید کے بعد سزائے موت سنانے سے انصاف مل گیا؟
12۔ کیا تیز گام ٹرین حادثہ میں جل مرنے والے 74 مسافروں کو انصاف مل گیا؟

13۔ کیا صادق آباد میں اکبر بگٹی ٹرین حادثہ میں ہلاک ہونے پر کسی کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا؟
14۔ کیامیڈیکل کی طالبہ عاصمہ رانی کو انصاف مل گیا؟

15۔ کیا راولپنڈی کے سہیل ایاز جسے سینکڑوں بچوں کی نازیبا ویڈیوز بنانے اور ان کا استحصال کرنے کا مرتکب پایا گیا سے انصاف کر دیا گیا؟

16۔ کیا میڈیکل کی طالبہ علم ہند و لڑکی نمرتا کماری کو انصاف مل گیا؟

17۔ کیا اسلام آباد سے اغوا کے بعد زیادتی اور قتل ہونے والی دس سالہ فرشتہ کو انصاف مل گیا؟ جس کے باپ کو ایف آئی آر درج کروانے کے لئے تھانہ دھونا پڑا تھا۔

18۔ کیا پنجاب میں ڈینگی سے 2019 میں جاں بحق ہونے والے 47 افراد کو انصاف مل گیا؟

19۔ کیا سوشل میڈیاکے ذریعہ آواز اٹھانے کی پاداش میں سلمان حیدر، وقاص گورایہ، عاصم سعید، احمدر ضا، سمیر عباس جن کو نامعلوم افراد نے اٹھایا اور تشدد کے ذریعہ زبان بند کرنے کی کوشش کی گئی، کے ذمہ داروں کو تلاش کیا گیایا محض ان کے ملک سے جان بچا کر بھاگنے کو ہو فتح خیا ل کیا گیا؟

20۔ کیا پطرس مسیح اور ساجد مسیح جن کو لاہور میں توہین کے مقدمہ میں گرفتا ر کیا گیا اور اتنا تشدد کیا گیاکہ ساجد مسیح نے کھڑکی سے کود کر خودکشی کی کوشش کی، پر انصاف کی دیوی مہربان ہوئی؟

21۔ کیا سندھ کی دس سالہ گل سماء جسے غیرت کے نام پر سنگسار کر دیا گیا اور پھر نشان عبرت بنانے کے لئے اس کی قبر کو بھی پھانسی دی گئی کو انصاف مل گیا۔

مکرم عمران خان صاحب۔ انصاف کریں اس سے قبل کے کہ آپ کے ساتھ اللہ انصاف کر دے۔

پس تحریر :ابھی یہ عاجز ہزارہ، شیعہ، سکھ، احمدی، ہندو، عیسائی کمیونٹی کے ساتھ روز مرہ ہونے والے تیسرے درجہ کے شہری کے سلوک کی تفصیل نہیں لکھ رہا۔ (کیونکہ وہ ہماری ریاستی پالیسی کا وہ حصہ ہے جس کو پرانی حکومتوں کی طرح آپ نے جائز خیال کیا ہوا ہے )

از طرف اہالیان ریاست مدینہ


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments