ڈوبتا سورج ابھرتا سال!


پاکستان میں 2019 کے سورج نے سب سے پہلے گجرات سے رخصت لی۔ رحیم یار خان میں ڈوبتا سورج سانحہ تیزگام میں جلتی لاشوں کی یاد کے ساتھ سوگوار رخصت ہوا۔ ساہیوال میں سورج نے بچوں کے سامنے ان کے والدین پرگولیاں برستی دیکھیں 2019 کے ڈوبتے سورج نے ساہیوال میں سوگوار بچوں کے چہروں سے اجازت لی۔

سال کے آغاز پر ہی سورج نے پاک بھارت تنازع دیکھا سرحد پرگولیاں برستی دیکھی تو کبھی بھارت کا بالاکوٹ کے چیڑ کے درختوں پر حملے کے بعد فضاء میں بھارتی طیارے کو زمین بوس ہوتے دیکھا۔ سال 2019 کے سورج نے کشمیریوں کے حق کے لئے لاتعداد احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں بھی دیکھی۔ 5 ماہ تک ہر روز سورج کشمیریوں کے لئے نئی امید اور نئی صبح کے ساتھ ڈوبتارہا لیکن نہ تو کرفیو ہٹ سکا نہ ہی احتجاج تھمے بلکہ کشمیرمیں صورت حال روز بروز ابتر ہوتی گئی۔ اسلام آباد میں سورج کی کرنیں اقتدار کے ایوانوں تک تو نہ پہنچ سکیں لیکن اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ عوام پر چمکتا رہا۔ سال کے آخر میں شہر اقتدار کا سورج مولانا کے آزادی مارچ کا بھی گواہ بنارہا۔

صوفیاں اکرام کی سرزمین ملتان کے آسمان کو 2019 کے آفتاب نے آخری سلامی دی۔ حیدرآباد کے باسیوں نے بھی ڈوبتے سورج کو الوداع کہہ دیا۔ پورا سال بھوک اور افلاس سمیٹے صحرائے تھر کے شہر مٹھی میں بھی سورج ڈوب گیا ”کراچی کے سمندر میں سرخی لیے سورج نے پناہ لے لی“ کراچی سے تھر اور کوئٹہ سے پشاور تک تلخ و شیریں یادیں لیے 2019 کا سورج غروب ہو گیا۔

کچھ تلخ یادوں کے ساتھ سورج اچھی یادوں کا بھی شاہد رہا۔ برطانوی شاہی جوڑے نے پاکستان کا 5 روزہ دورہ کیا تو دنیا کی توجہ پاکستان کی سیاحت پر مبذول ہوئی۔ 2019 کے آخر تک پاکستان ٹورزم ورلڈ انڈیکس کی رپورٹ میں پہلے نمبر پر آگیا۔ کرکٹ کی دنیا کے لئے بھی سال 2019 کا سورج نیک شگون ثابت ہوا۔ پی ایس ایل کا فائینل پاکستان میں ہوا جبکہ سری لنکا کی ٹیم نے 10 سال بعد پاکستان کا رخ کیا اور انٹرنیشنل کرکٹ آباد ہوئی۔ مختلف انٹرنیشنل بلاگرز اور ولاگرز نے پاکستان کا دورہ کیا اور دنیا کو باور کروایا کہ پاکستان میں اب سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات نہیں رہے۔ سال 2019 کے آخر میں سورج نے سکھ برادری کی خواہش پوری کرتے ہوئے کرتارپور راہداری پر حاضری بھی دی۔

سال 2019 کے سورج نے حکومت کے ایک سال میں اقتصادی استحکام کے دعوے تو دیکھے لیکن عوام کو کسی قسم کا ریلیف ملتے نہ دیکھ سکا۔ عوام گزرتے سال کے ساتھ ساتھ مہنگائی اور غربت کی چکی میں پسی تو 2019 کے سورج نے بھی خوب آنکھیں دکھائیں۔ لیکن عوام امید کی کرن اور تبدیلی کا دامن تھامیں 2020 کے سورج کو خیرمقدم کرنے کے لئے تیار ہیں۔ ہر سال کی طرح 2019 کا سورج یادوں کی پٹاری لئے غروب ہوا نئے سال کی پٹاری سے کیا نکلے گا اس کا جواب کو سال 2020 گزرنے کے ساتھ ہی پتہ چلے گا۔ سورج تو وہی رہے گا بدلیں گے تو حالات وواقعات۔ کہا جارہا ہے ویسے تو سال 2019۔ 20 میں 19 بیس کا ہی فرق ہوگا لیکن ابھرتے سورج کے ساتھ ہی عوام کی امید ہے کہ سال 2020 کا سورج سال 2019 کے سورج سے زیادہ نیک شگون ثابت ہوگا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments