قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں کوئی بل منظور نہیں کیا گیا: مشاہداللہ خان
مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی ڈیفنس کمیٹی میں کوئی بل منظور نہیں کیا گیا۔
مشاہداللہ خان نے کہا کہ طریقہ کار کے تحت بل پر بحث ہونی چاہیے اور قانون سازی کے طریقہ کار پر عمل درآمد کیا جائے۔
سینیٹر مشاہداللہ سے سوال کیا گیا کہ فروغ نسیم تو کہہ رہے ہیں کہ بل منظور ہو گیا ہے، جس پر انہوں نے جوابی سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ ’کیا فروغ نسیم کی ڈگری چیک ہو گئی؟‘
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ہدایات پر من و عن عمل کیا جائے گا۔ مشاہداللہ نے کہا کہ اگر حکومت نے لیت و لعل سے کام لیا تو ہم ووٹ نہیں دیں گے۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ نواز شریف کی ہدایات سے کسی نے رو گردانی کی تو اس کے بارے میں حتمی فیصلہ پارٹی قائد ہی کریں گے۔
دوسری طرف وزیر قانون فروغ نسیم کا کہنا ہےکہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی دفاع نے تینوں بلز کو متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
فروغ نسیم نے کہا کہ آرمی ترمیمی ایکٹ بل متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا ہے، ہم نے کوئی جلد بازی نہیں کی، تمام جماعتوں نے بل کو درست قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی، ن لیگ، اتحادی اور اپوزیشن جماعتوں کی حمایت پر شکر گزار ہیں۔


