آرمی ترمیم ایکٹ کی حمایت سے ہمارے ووٹرز اور حامی ناراض ہوئے ہیں: رانا ثناءاللہ
مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ نے کہاہے کہ آرمی ترمیم ایکٹ پر قانونی سازی کے موقع پر ہمارے ووٹرز اور سپورٹرز کو ناراضگی ہوئی ہے۔ ہمیں اس معاملے کوہینڈل کرنے کی ضرورت ہے۔
جیونیوز کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا کہ آرمی ترمیم ایکٹ پر قانونی سازی کے موقع پر ہمارے ووٹرز اور سپورٹرز کو ناراضگی ہوئی ہے ، ہم کو اس معاملے کوہینڈل کرنے کی ضرورت ہے ، توسیع تو وہی ہے جو 19 اگست کو ہو گئی تھی، اب تو اس بل کو پارلیمنٹ سے منظور کروایا گیا ہے۔
رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر 19 اگست سے لے کر اب تک ہماری پارٹی کی یہی پوزیشن تھی ، ہماری جانب سے کبھی نہیں کہا گیا کہ اس معاملے پر ہم مانیں گے نہیں اور اس کے حق میں ووٹ نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاد میں توسیع پر اعتراض نہیں ہے۔ ن لیگ کی قیادت نے کہا کہ ادارے کے معاملے کو ایشو نہیں بنانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اب حکومت کہہ رہی ہے کہ نیب کے معاملے پر ہمارے ساتھ میٹنگ کریں گے، میٹنگز تو حکومت پہلے بھی کرتی رہی ہے لیکن اس کا نتیجہ کو ئی نہیں نکلا۔


