مادام تساؤ میوزیم: شہزادی میگھن اور شہزادہ ہیری کے مومی مجسمے شاہی انکلوژر سے منتقل کر دیے گئے
برطانیہ کے شاہی جوڑے، شہزادہ ہیری اور شہزادی میگھن مارکل کے مومی مجسموں کو لندن کے مومی مجسموں کے میوزیم مادام تساؤ کے شاہی انکلوژر سے منتقل کر دیا گیا ہے۔
منتقلی سے قبل ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس کے مجسموں کو ملکہ برطانیہ اور ڈیوک آف ایڈنبرا، اور شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کے مجسموں کے ساتھ شاہی انکلوژر میں رکھا گیا تھا۔ تاہم میوزیم کی جانب سے اب تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ان مجسموں کو کہاں رکھا جائے گا۔
میوزیم کے مطابق یہ فیصلہ شاہی جوڑے کے حالیہ بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے سینیئر شاہی حیثیت سے ’دستبردار‘ ہونے کا اعلان کیا تھا۔
میوزیم کے جنرل مینجر سٹیو ڈیویز نے بتایا کہ میگھن اور ہیری کی جوڑی کے مجسموں کا شمار ان کے میوزیم میں سب سے مقبول مجسموں میں سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’بقیہ دنیا کی طرح ہم بھی ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس کی سینیئر شاہی حیثیت سے دستربدار ہونے کے فیصلے پر ردِ عمل دے رہے ہیں۔
’آج کے بعد سے میگھن اور ہیری کے مجسمے شاہی خاندان کے مجسموں کے ساتھ نظر نہیں آئیں گے۔‘
مادام تساؤ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک تصویر جاری کی گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہزادہ اور شہزادی کے مجسمے شاہی انکلوژر میں موجود نہیں ہیں۔
https://twitter.com/MadameTussauds/status/1215338581042122754
اس ٹویٹ کا عنوان تھا کہ ’ہمیں ان کی خواہشات کا احترام کرنا ہے۔‘
ڈیویز کا کہنا تھا کہ یہ مجسمے مادام تساؤ میوزیم کا ایک اہم حصہ رہیں گے، ’دیکھتے ہیں آگے اور کیا ان کا منتظر ہے۔‘
یاد رہے کہ بدھ کے روز ڈیوک اور ڈچز نے اعلان کیا ہے کہ وہ برطانیہ اور شمالی امریکہ کے درمیان اپنا وقت تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔


