فیصل واوڈا کے بوٹ پروگرام پر احسن اقبال کی سخت تنقید
پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل وواوڈا کے ایک لائیو شو میں بوٹ لے آنے پر کڑی تنقید کی ہے۔ اپنے ردعمل میں احسن اقبال نے کہا جس طرح ایک وفاقی وزیر نے بوٹ کو سامنے رکھ کر ایک قومی ادارے کا مذاق بنایا ہے یہ انتہائی افسوسناک ہے۔
اطلاعات کے مطابق احسن اقبال نے کہا کہ ’یہ بڑی ہی غیر ذمہ دارانہ حرکت ہے۔ اس سے پہلے بھی حکومت کے وزرا بے جا طور پر اپنی نا اہلیوں کو چھپانے کے لئے فوج کو ملوث کرتے رہے ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ یہ فوج کا سہارا لیتے ہیں اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے۔ یہ خود ان کے لئے انتہائی شرمندگی کا مقام ہے کہ ایک حکومت اس طرح ہمارے قومی ادارے کے ساتھ مذاق کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نجی ٹی وی شو میں ہاتھ میں فوجی بوٹ لے کر آگئے۔ انہوں نے بوٹ ہاتھ میں پکڑ کر ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے حوالے سے انتہائی سخت انداز اپنایا۔ دوران گفتگو صورتحال اس وقت انتہائی مضحکہ خیز ہوگئی جب فیصل واوڈا نے فوجی بوٹ میز پر رکھتے ہوئے کہا مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے لیٹ کر بوٹ کو عزت دی۔ فیصل واوڈا نے کہا انہوں نے بوٹ کو چوم کر عزت دی ہے، کوئی شرم اور حیا ہے؟ قوم نے ان کی اصلیت دیکھ لی۔
اس پر پیپلز پارٹی کے قمر زمان کائرہ نے کہا اگر بوٹ سامنے رکھ کر یہ کہہ رہے ہیں کہ جو کرایا ہے، فوج نے کرایا ہے تو ان کے کہنے کا مطلب ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ان کے کہنے پر نہیں، فوج کے دباؤ پر ووٹ دیا ہے۔
لیگی رہنما سینیٹر جاوید عباسی اور پی پی رہنما کائرہ نے اس عمل پر احتجاج کیا اور پروگرام سے اٹھ کر چلے گئے۔ دونوں رہنماؤں کے پروگرام سے جانے پر فیصل واوڈا نے تبصرہ کیا کہ یہ یہی کرسکتے ہیں، 35 سال سے یہ جو سمجھتے آئے ہیں، وہی سمجھ رہے ہیں، یہ چور لٹیرے ہیں، اپنا مطلب ہو تو لیٹ جاتے ہیں، یہ لوگ ہمیشہ الیکشن چوری کر کے اقتدار میں آئے، آج میں نے ان کو بے نقاب کیا اس لیے پروگرام سے چلے گئے۔

