ٹیکسٹ نیک ماڈرن زمانے کی تشخیص


فائبرومائلجیا رہیوماٹولوجی کے میدان کی تشخیص ہے جو کہ اس وقت کی جاتی ہے جب تمام ٹیسٹ کرلینے کے بعد مریض کی علامات پر مبنی کوئی تشخیص نہ کی جاسکے۔ یعنی کہ جب مریض جوڑوں اور پٹھوں میں درد کی شکایت کریں اور تمام ایکس رے اور خون کے ٹیسٹ نارمل آئیں تو فائبرومائلجیا تشخیص کرتے ہیں۔ یہ ایک ڈایا گنوسس آف ایکسکلوژن ہے۔ بالکل ایسے ہی جیسے کسی کے دل کی رفتار تیز ہو اور تمام ٹیسٹ نارمل آئیں، جیسا کہ تھائرائڈ کی بیماری، ای کے جی اور ایکوکارڈیوگرام وغیرہ سے کوئی بیماری معلوم نہ ہوسکے تو پھر ان میں اینگزائٹی یا بے چینی کی بیماری تشخیص کی جاتی ہے۔ کوئی ایسا خون کا ٹیسٹ یا ایکس رے وغیرہ نہیں ہے جس سے ہم فائبرومائلجیا تشخیص کریں۔ یہ ایک کلینکل ڈائگنوسس ہے۔

ٹیکسٹ نیک ماڈرن زمانے کی تشخیص ہے جس کا نام ایک امریکی کائروپریکٹر نے ایجاد کیا ہے۔ یہ بیماری گھنٹوں کمپیوٹر اور موبائل فون پر کام کرنے کی وجہ سے ہوجاتی ہے۔ چونکہ موبائل فون کا استعمال تمام دنیا میں پھیل چکا ہے، یہ بیماری بھی تمام دنیا میں پھیل رہی ہے۔ اس کو کچھوے کی گردن بھی کہتے ہیں۔ ٹیکسٹ نیک کی علامات مندرجہ ذیل ہیں۔

Fibromyalgia

Rheumatology

Diagnosis of Exclusion

Thyroid disease

EKG (Electrocardiogram)

Echocardiogram

Text neck

Anxiety

Computers

Mobile phones

Chiropractor

گردن، اوپر ی کمر اور کندھوں میں درد ایک جگہ بھی ہوسکتا ہے اور چاقو کے وار کی طرح محسوس ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ جسم میں پھیلا ہوا بھی ہوسکتا ہے جس میں مریض سارے جسم کو دکھتا ہوا محسوس کریں۔ گھنٹوں کمپیوٹر کے سامنے بیٹھے رہنے سے جسم کا توازن متاثر ہوتا ہے اور جسم اکٹر جاتا ہے۔ جسم کو لچکدار رکھنے کے لیے کھیل کود، ورزش، ڈانس اور یوگا مدد کرتے ہیں۔ ٹیکسٹ نیک کی علامات گردن کو جھکا کر طویل دورانیے کے لیے فون کی اسکرین دیکھنے سے مزید بڑھ جاتی ہیں۔ یہ الیکٹرک شاک کی طرح ہاتھوں اور انگلیوں میں درد پیدا کرتا ہے اور انگلیوں میں بے حسی پیدا ہوسکتی ہے۔ ایسا گردن میں سے نکلنے والی نرو ز پر دباؤ سے ہوتا ہے۔ اس کو سرویکل ریڈیکیولاپیتھی کہتے ہیں۔ کچھ لوگوں کے جبڑوں میں بھی درد بیٹھ جاتا ہے۔

Cervical Radiculopathy

ٹیکسٹ نیک میں گردن کے پٹھے اکڑ جاتے ہیں اور سر میں شدید درد پیدا کرسکتے ہیں۔ کمپیوٹر اسکرین، ٹی وی کی اسکرین یا فون کی اسکرین دیکھنے سے آنکھوں پر بھی دباؤ پڑتا ہے جس کی وجہ سے سر میں درد ہوسکتا ہے۔ سر میں درد کی بہت ساری وجوہات ہیں۔ جوڑوں اور پٹھوں کی بیماری، کمزور بینائی، جسم میں پانی کی کمی، ذہنی دباؤ اور درد شقیقہ اس کی عام وجوہات ہیں۔ سنجیدہ بیماریوں میں دماغ یا پچوٹری میں ٹیومر ہونا یا پھر خون بہنے والا اسٹروک شامل ہیں۔

Migraine headaches

Pituitary tumor

Stroke

اس کے علاوہ ہم جانتے ہیں کہ کورٹیسول اسٹریس ہارمون ہے جو صبح میں زیادہ ہوتا ہے اور شام میں کم ہوجاتا ہے۔ اسی لیے نارمل حالات میں ہم صبح میں زیادہ توانائی اور شام میں تھکاوٹ محسوس کرتے ہیں۔ یہ صبح اور رات کا نارمل سرکیڈین ردھم ہے جو کہ رات میں روشنی سے متاثر ہوتا ہے۔ سب جانداروں کے اندر ایک بایولوجکل کلاک ہے جو ہمارے جسم میں موجود ہارمونز کو کنٹرول کرتی ہے۔ کافی ریسرچ سے ہمارے سامنے ہے کہ رات میں کمپیوٹر کی اسکرین دیکھنے سے ہمارے ایڈرینل غدود کورٹیسول بنانے لگتے ہیں۔

اسی لیے رات میں لائٹ بند کرکے سونا چاہیے اور کسی بھی طرح کی اسکرین کو دیکھنے سے پرہیز لازمی ہے۔ اسی لیے بیڈ روم میں ٹی وی رکھنے کے لیے بھی منع کیا جاتا ہے کیونکہ وہ نیند بھگا نے کا کام کرتا ہے۔ نیند پر کچھ دن پہلے ایک مضمون لکھا تھا۔ نیند کی کمی سے تمام جسم اور دماغ متاثر ہوتا ہے۔ کچھ نظام ٹھیک سے کام نہیں کرتا۔ چونکہ ہمارا کام ہی روز دماغ استعمال کرنے والا ہے اس لیے اپنی نیند کا خیال رکھنا ضروری ہے۔

Cortisol

Stress hormone

Circadian rhythm

Biological clock

Hormones

Adrenal glands

میرے جو بھی مریض میڈیکل ریکارڈ میں یا اسکول میں ٹیچر کے طور پر کام کرتے تھے وہ اب بڑھاپے میں آکر گردن اور بازوؤں میں انہی علامات کی شکایت کرتے ہیں۔ ان کی انگلیاں سن ہوجاتی ہیں اور ہاتھوں کی گرفت کمزور ہوچکی ہے۔ ہاتھ میں سے چیزیں گر جاتی ہیں۔ کئی افراد کو گردن کی ہڈیوں کی سرجری کروانی پڑ جاتی ہے۔ جو لوگ بہت ٹائپ کرتے ہوں، پیانو یا گٹار بجاتے ہوں ان کو کارپل ٹنل سنڈروم کی بیماری بھی ہوجاتی ہے۔ کارپل ٹنل سنڈروم حمل کے دوران، مٹاپے سے، تھائرائڈ کی بیماری سے، گروتھ ہارمون کی زیادگی سے اور آرتھرائٹس سے بھی ہوجاتا ہے۔

Carpal tunnel syndrome

Numbness

Arthritis

اینٹی انفلامیٹوری دوائیں شدید درد میں کبھی کبھار کھا لینے میں کوئی قباحت نہیں لیکن ان کے زیادہ استعمال سے گردے فیل ہوسکتے ہیں۔ ان کے برعکس ایسیٹامینوفن چونکہ جگر میں میٹابولائز ہوتی ہے اس سے گردوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ کم ہوتا ہے۔ ایک ملٹی وٹامن روز لینے اور صحت مند کھانے پینے سے فائدہ متوقع ہے۔ اینٹی ڈپریسنٹ کے بارے میں سائکائٹرسٹ ہی زیادہ بتا سکتے ہیں۔

Anti۔ inflammatory

Renal failure

Acetaminophen

Anti۔ depressants

Psychiatrist

چونکہ میری اپنی جاب گھنٹوں کمپیوٹر پر کام کرنے کی ہے میں نے خود بھی اسی مسئلے سے خود کو بچانے کے لیے اپنے معمولات میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں جو کہ مندرجہ ذیل ہیں۔

صبح کلینک شروع ہونے سے پہلے اپنی بلڈنگ کے گرد دو چکر لگائے، لنچ بریک میں بھی دو چکر اور پھر چھٹی کے بعد گھر جانے سے پہلے بھی ایک یا دو چکر۔ راجہ ہمار اکتا۔ اس کو نہر کے گرد چلنا بہت پسند ہے۔ اس کو کبھی کبھار باہر گھمانے لے جاتی ہوں۔ اس سے میری اپنی چہل قدمی ہوجاتی ہے۔ آج ایک ہسپانوی خاتون کو ذیابیطس کے لیے دیکھا۔ وہ نرس ہوتی تھیں۔ اب ریٹائرڈ ہیں۔ کہنے لگیں ریٹائرمنٹ کے بعد چلنا پھرنا کم ہونے سے جسم اکٹرا ہوا محسوس ہوتا ہے۔ ان کو بھی باقاعدگی سے ورزش کرنے کا مشورہ دیا۔ یوٹیوب پر ذومبا اور ٹائی چی کی وڈیوز ہیں جن کو دیکھ کر کوئی بھی فالو کرسکتا ہے۔

Youtube۔ com

Zumba fitness

Tai chi

ذیابیطس کے میلے میں ورزش کی ماہر نے دو فیٹ لمبے اور چھ انچ چوڑے ربر بینڈ سب لوگوں میں بانٹے۔ اس کو کمر کے پیچھے دونوں ہاتھوں سے کھینچنے سے کندھوں، گردن اور کمر کی اچھی ورزش ہوتی ہے۔ یوگا سے بھی اچھا محسوس ہوتا ہے۔ مریضوں کے کمروں میں کمپیوٹر میز پر نہیں رکھے ہوئے ہیں بلکہ دیوار پر لگے ہوئے ہیں تاکہ ان میں کچھ دیکھنے کے لیے بیٹھنا نہ پڑے۔ اس کے علاوہ مریضوں کے نوٹس ٹائپ کرنے کے بجائے ڈکٹیشن سسٹم استعمال کرنا شروع کیا۔

ہر 30 منٹ سے ایک گھنٹے کے بعد گردن کو گھما لینا چاہیے۔ مساج سے بھی فائدہ ہوتا ہے۔ رات کو سونے کے وقت کسی مباحثے میں شرکت نہ کی جائے اور ٹی وی نہ دیکھا جائے تو بہتر ہے۔ آنکھوں پر کور پہننے سے بہتر نیند میں مدد ملتی ہے۔ میرے پاس کئی کور ہیں جو میں نے انٹرنیشنل فلائٹوں سے جمع کیے ہیں۔ ایک کپڑے اور الاسٹک سے خود بھی بنا لینا کچھ مشکل کام نہیں ہے۔ نیند بہتر ہونے سے اگلے دن تھکن سے بچت ہوگی اور ذہن بھی بہتر کام کرے گا۔ صحت اچھی رہے تو انسان خوش خوش محسوس کرتا ہے۔

Exercise bands

Massage

Eye covers

Dictation

International flights


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments