نومبر دسمبر میں زیادہ روٹیاں کھانے سے آٹے کا بحران ہو گیا ہے : شیخ رشید


وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ جب تک وزیراعظم عثمان بزدار کے ساتھ ہیں میں بھی ان کے ساتھ ہوں، عمران خان کا کوئی متبادل نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ بہت ساری افواہیں چل رہی ہیں لیکن کچھ نہیں ہوگا، پہلے ہی کہا تھا کہ آرمی ایکٹ سے متعلق پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) تعاون کرے گی، نیب آرڈیننس پر بھی پردے کے پیچھے تعاون جاری ہے، امید ہے الیکشن کمشنر کے معاملہ بھی اتفاق رائے سے حل ہوگا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف جس کام کے لیے لندن گئے ہیں انہیں وہ کرنے دیں، مریم نواز اور شہباز شریف کے خلاف سنجیدہ کیسز آنے والے ہیں، شہبازشریف میری پارٹی کے آدمی ہیں جب میں کہوں تب ہی واپس آئیں اور اگر وہ واپس آنا چاہتے ہیں تو اسلام علیکم۔ یہ سارے لوگ سوچ سمجھ کر ہی باہر گئے ہیں، میں نے کہا تھا کہ تابوت بھی یہیں سے نکلے گا اور ثبوت بھی، نواز شریف نہیں آرہے اور مریم نواز فی الحال اپنے والد کے پاس نہیں جارہیں، مریم نوازکے خلاف نئے کیسزسامنے آرہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ میں عمران خان کا اتحادی ہوں پی ٹی آئی کا ترجمان نہیں، جب تک عمران خان عثمان بزدار کے ساتھ ہیں میں بھی ساتھ ہوں، فواد چوہدری بڑے آدمی میں ہیں، ان میں ہمت ہے اسی لیے انہوں نے سب کے سامنے یہ بات کہہ دی۔

مہنگائی اور آٹے کے بحران پر وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ایم ایف ایک مجبوری ہے، گیس نہیں ہے اور آٹا بھی مہنگا ہے ساتھ ہی آٹا بحران پرنئی منطق پیش کرتے ہوئے کہا کہ لوگ نومبر، دسمبرمیں زیادہ روٹیاں کھاتے ہیں، مہنگائی ختم کرنے کے لیے ہمیں تین سال کا وقت دیں جن میں سے ڈیڑھ برس گزر گیا ہے۔
بشکریہ اب تک نیوز۔

Facebook Comments HS