شادی کے بغیر حاملہ ہونے پر سوالات اٹھے تھے: فراسیسی نژاد بھارتی اداکارہ کلکی کیکلاں


بالی ووڈ اداکارہ کلکی کیکلاں نے کرینہ کپور کے چیٹ شو عشق ایف ایم میں بہت سے انکشافات کئے ہیں۔ بالی ووڈ انڈسٹری میں شاندار اداکاری اور بے باکی کیلئے مشہور اداکارہ کلکی کیکلاں ان دنوں اپنی ذاتی زندگی کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔ کلکی نے گزشتہ سال کے آخر میں ہی حاملہ ہونے کا اعلان کیا تھا ۔ وہ اپنے بوائے فرینڈ کے ساتھ اس بچے کو جنم دینے والی ہیں۔ انہوں نے ابھی تک شادی نہیں کی ہے۔ ان کے اس فیصلے پر کئی سوالات بھی اٹھے۔

کسی اداکارہ کا شادی کے بغیر ماں بننا یوں تو بالی ووڈ میں کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن اس میں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کلکی کیکلاں پر بھی ایسے ہی کئی سوالات اٹھے۔ تاہم وہ ان سوالات سے گھبراتی نہیں ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے سبھی سوالات کا بڑی بے باکی سے جواب دیا ہے۔

کلکی بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور کے چیٹ شو عشق ایف ایم میں پہنچی تھیں ۔ اس دوران انہوں نے اپنے حمل سے لے کر بوائے فرینڈ اور سابق شوہر انوراگ کشیپ سے متعلق بھی گفتگو کی۔ جب کرینہ کپور نے ان سے سوال کیا کہ شادی کے بغیر ماں بننے پر ان پر کئی سوالات اٹھے ہیں، تو اس کا سامنا کیسے کیا؟

اس کے جواب میں کلکی نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ میرے پاس ایک سپر پاور ہے کہ میں اپنا فون سوئچ آف کردیتی ہوں اور کافی وقت تک سوشل میڈیا سے دور رہتی ہوں۔ میں اپنے پوسٹ پر تبصرے نہیں پڑھتی ہوں۔ کلکی نے اب تک شادی نہیں کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مجھے لگتا ہے کہ اگر مجھے مثبت تنقید کی ضرورت ہے تو میں اپنے قریبی لوگوں سے لینا پسند کروں گی اور میں اس کو سنجیدگی سے بھی لوں گی۔

مجھے قریبی لوگوں نے مشورہ دیا ہے کہ یہ بچے کے مستقبل کیلئے بہتر ہوگا کہ تم شادی کر لو۔ چنانچہ ہم دونوں اس پر توجہ دے رہے ہیں اور اس بارے میں کام کر رہے ہیں۔ کلکی نے یہ بھی بتایا کہ حمل کی خبر سن کر ان کے بوائے فرینڈ سب سے زیادہ خوش ہوئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے دو تین دن اس خبر کو قبول کرنے میں لئے لیکن جیسے ہی میرے پارٹنر کو پتہ چلا تو وہ بہت خوش ہوا اور بچے کیلئے فورا تیار ہو گیا۔

Facebook Comments HS