اے نازک لڑکی


ہاں وہ ایک عام سی لڑکی ہے، چھوٹی چھوٹی عام خواہشیں رکھنے والی، عام سے خواب بننے والی اور ان کے نہ پورا ہونے پر سرہانے میں منہ دے کر رونے والی۔ چھوٹی سی تکلیف پر آسمان سر پر اٹھانے والی عام سی لڑکی اور بڑی سے بڑی بات بھی ہنس کر ٹالنے والی عام سی لڑکی۔

ایک عام سی لڑکی جو خواب دیکھتی ہے مگر ڈرتی ہے، ان کے ٹوٹنے سے۔ ایک عام سی لڑکی جو سہم جاتی ہے، اونچی آوازوں سے، بڑے چہروں سے۔ ہاں ایک عام سی لڑکی، مگر یہی عام سی لڑکی جب ہمت باندھ لے تو یزید کو بھی ہرا دے۔ گر کردار کی پیکر بنے تو بادشاہ کو بھی مرید بنا لے۔

گر محبت کی دیوی بنے، تو صحرا میں بھی گلستان بنا لے اور گر یہی عام سی لڑکی انتقام پر آئے تو شہر کے شہر تباہ کر دے۔

لڑکیوں کو اتنا نازک نہیں ہونا چاہیے کہ ذرا ذرا سی بات پر رو پڑیں اور اسے دل سے ہی لگا لیں۔ یہ دنیا اتنی اچھی نہیں جتنی اچھی ہمارے ماں باپ نے ہمیں دکھائی ہوتی ہے۔ یہاں باہر نکلو تو تمہیں ہر طرح کے لوگ ملیں گے اچھے برے مگر یاد رکھنا تمہیں پتہ ہونا چاہیے کہ تم کون ہو اور تمہاری روایات کیا ہیں۔

لوگوں کے جھنڈ میں خود کو بھولنے مت دینا کہ تمہاری حقیقت کیا ہے اور اگر کبھی بھولنے لگو جیسا کہ انسان اکثر بھول جاتا ہے وہ بھلکڑ جو ہوا مگر تمہیں چاہیے کہ تم وقت بوقت خود کو یاد دلاتی رہو۔ یہ دنیا بڑے رنگین منظر دکھاتی ہے مگر جو پیر بڑھا کر دیکھنے بڑھو تو معلوم پڑتا ہے وہ ایک خوبصورت دھوکے کے سوا کچھ نہیں۔

اے نازک لڑکی! تمہیں اس کی بالکل ضرورت نہیں کہ تم دنیا تو یہ دکھاتی پھرو کہ تم کتنی ذہین ہو۔ اپنی صلاحیتیں اپنے لیے استعمال کرو اور وہاں کرو جہاں تمہیں اس سے کچھ حاصل بھی ہو۔ ہر ایک کے سامنے خود کو یہ منوانا بالکل ضروری نہیں کہ تم کتنی قابل ہو۔

تم لڑکی ہو اور تمہیں اپنا وقار برقرار رکھنا آنا چاہیے جہاں تمہیں یہ سیکھنا ضروری ہے کہ کیسے کسی کی بات سننی ہے وہیں تمہیں یہ بھی پتا ہونا چاہیے کہ غیر مناسب بات کو کیسے نہ سننا ہے اور اسے روکنا کیسے ہے۔ جہاں تمہیں لوگوں سے بات کرنا آنا ضروری ہے وہیں نامناسب منہ بند بھی کرنا ضروری ہیں۔

لڑکیوں کو اتنا سیدھا بھی نہیں ہونا چاہیے کہ اپنی رائے ہی نہ رکھیں اور اس کا اظہار نہ کر پائیں۔ جو بات تم سے جڑی ہے تمہیں حق ہے کہ تم اس پر بات کرو اور اسے ڈسکس کرو۔

لڑکیوں کو کسی پر بھی آنکھ بند کرکے بھروسا نہیں کرنا چاہیے چاہے کوئی کتنا ہی سچ بن جائے، اپنی تیسری آنکھ اسے ہر وقت کھلی رکھنی چاہیے اور اسے اس کے متعلق کسی کو بتانے کی ضرورت نہیں بس ضرورت پڑنے پر چپ چاپ اسے استعمال کر لو۔

لڑکیوں کو اتنا نازک نہیں ہونا چاہیے کہ ہر کسی کی بات دل پر ہی لے لیں۔ اپنے دماغ کو یہ سمجھاؤ کہ فلاں بات صرف سننی ہے اور اس پر غور کرنے کی ضرورت نہیں۔ اسے صرف نظر انداز کرنا ہے اور فلاں بات کا جواب دینا ہے اور اس پر توجہ دینی ہے۔

تم جیسی بھی ہو، لمبی، پتلی، موٹی، چھوٹی۔ تم خوبصورت ہو اور تمہارے جیسا کوئی نہیں مگر یہ بھی یاد رکھو کہ دوسری لڑکیاں بھی اتنی ہی خوبصورت ہیں اور تمہارا اور ان کا کوئی مقابلہ نہیں۔

تم جیسی بھی ہو خدا کا ایک کرشمہ ہو۔ لوگ جو بھی کہیں تمہیں معلوم ہونا چاہیے کہ تم کیا ہو اور تمہیں لوگوں کی خاطر خود پر ظلم کرنے کی ضرورت نہیں۔ تمہیں ضرورت نہیں کہ تم خود کو گورا چٹھا لمبا پتلا کرو جو تم نہیں۔ تم کسی انسان کے لیے اپنی صورت کیسے بدل سکتی ہو جسے رب نے بنانا۔

جو شخص تم سے ایک انسان ہونے کے ناتے محبت نہیں کرسکتا، اس کے لیے تم حور پری بھی بن جاؤ تو وہ ایسا ہی رہے گا۔

تمہیں چاہیے کہ تم خود بھی دوسروں کے لیے ایسی باتیں نہ کہو جو نامناسب ہیں اور پسند نہیں کرتی کہ کوئی تم سے ایسے کہے۔ اور جو تمہارے گرد ایسا کرے تم اسے ٹوک دو۔

تمہیں معلوم ہونا چاہیے کہ یہ مناسب نہیں کہ ہم لوگوں کے نام بگاڑیں یا انہیں ایسے الفاظ سے پکاریں جو فقط مذاق ہیں اور ان کا دل دکھائیں۔ لوگ آپ کو دکھائیں یا نہ مگر انہیں برا لگتا ہے جب ہم کسی کو کوجی موجی سوجی وغیرہ کہہ کر بلاتے ہیں۔

تمہیں چاہیے کہ تم دوسری لڑکیوں کو اگر وہ حق پر ہیں تو سپورٹ کرو اور ان کی کردار کشی کرنے سے دور رہو اور نہ ہی کسی کو کرنے دو۔ تمہیں یہ جان کر شاید دکھ ہو لڑکیاں ہی لڑکیوں کی زیادہ برائیاں کرتی ہیں اور انہیں ناپسند کرتی ہیں مگر اسے اب ختم ہونا چاہیے یہ کوئی اچھی بات نہیں۔ اور ویسے بھی کردار جانچنے کا آلہ ہمیں نہیں دیا گیا یہ ہمارے اختیار میں نہیں۔ یہ خدا کا کام ہے اور اسی کے لیے چھوڑ دیں۔

اے نازک لڑکی تمہیں خود پر بھروسا رکھنا چاہیے تمہیں خدا نے عقل و دانش سے بھرپور بنایا ہے اور تمہیں اپنی اس عقل پر بھروسا رکھنا چاہیے اور اسے استعمال کرنا چاہیے۔ لوگ جو مرضی کہیں کہ تمہیں عقل نہیں فلاں فلاں۔ تمہیں بس معلوم ہونا چاہیے تم عقل مند ہو اور اپنی ذہانت سے بہت کچھ کر سکتی ہو۔ اور دوسروں کو بھروسا دو۔ کسی کا بھروسا زندگی میں بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ زندگی میں ایسے لوگ ہونے چاہئیں جو آپ پر بھروسا کرتے ہو اور آپ کو آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتے ہو۔ ایسے لوگوں کی قدر کریں اور انہیں کھونے نہ دیں

آج کے لیے اتنا ہی کافی ہے نہ، خوش رہو اور خوش رکھو۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments