وزیراعظم عمران خان برطرف سینئر وزیر عاطف خان کے بارے میں کیا کہا کرتے تھے؟


خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر عاطف خان کے پاس کھیل، ثقافت اور سیاحت کی وزارتیں بھی تھیں۔ انہیں آج وزیر صحت شہرام ترکئی اور وزیر ریونیو شکیل احمد کے ہمراہ برطرف کیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان ماضی میں عاطف خان کے کام کی کھل کر تعریفیں کیا کرتے تھے۔ انہوں نے ایک موقع پر یہ بھی کہا تھا کہ عاطف خان کو سیاست کی ضرورت ہی نہیں ہے ۔

خیبرپختونخوا کابینہ سے نکالے گئے سینئر وزیرعاطف خان نے اپنی برطرفی پر فوری ردعمل دینے سے انکار کردیا۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ساتھیوں سے بات کرکے لائحہ عمل طے کریں گے، فی الحال کوئی بیان نہیں دینا چاہتے ہیں ۔

برطرف کیے گئے صوبائی وزیر صحت شہرام ترکئی نے بھی فوری ردعمل دینے سے گریز کیا اور کہا کہ ابھی تھوڑا وقت دیں کچھ سمجھنے دیں کہ کیا ہوا ہے، پھر بات کریں گے۔

اس سے قبل ایک بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے 3 وزراء کی برطرفی کو اچھا اقدام قرار دیا اور کہا کہ برطرف وزراء کابینہ کے فیصلوں سے انحراف کر کے حکومت کے لیے مشکلات پیدا کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے تینوں صوبائی وزراء کو ان کے منفی طرز عمل کی وجہ سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا۔

Facebook Comments HS