برطرف وزیر یا فواد چوہدری، تحریک انصاف میں انتشار پھیلانے والوں کے ساتھ پورا حساب کتا ب ہو گا: پرویز خٹک


وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف سازش میں جس کسی کا بھی ہاتھ تھا وہ ہاتھ ہم نے روک دیا ہے اور سازش کرنے والوں کو نکال دیا ہے۔ کل تک پنجاب اور بلوچستان کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھر پور کارروائی ہوگی۔

نوشہرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خان خٹک کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کے پارٹی کے اندر اختلافات تھے، اُنہیں پارٹی کے اندر رہ کر بات کرنی چاہیے تھی۔ کئی لوگوں کے پارٹی کے ساتھ ذاتی مسائل تھے۔ اُن لوگوں کے ذاتی مسائل حل ہوجاتے تو پھر نہ وزیر اعلی کرپٹ تھا اور نہ ہی حکومت خراب تھی۔ ان لوگوں کے ذاتی کام نہیں ہوئے تو پھر وزیراعلی بھی کرپٹ ہوگیا اور پارٹی بھی کرپٹ ہوگئی۔ مجھے افسوس کے ساتھ یہ سب کہنا پڑ رہا ہے۔ اگر ان میں ہمت ہے تو سچ بولیں کہ وہ کس وجہ سے احتجاج کر رہے ہیں؟

پارٹی کے خلاف جس نے باتیں کی ہیں، ان کو نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔ پارٹی میں انتشار پیدا کرنے والوں سے جواب طلب کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کے کردار کے متعلق مجھے کوئی علم نہیں۔ اگر کوئی ہو گا تو اس کے ساتھ بھی حساب کریں گے۔ فواد چودھری کا ہمارے صوبے کے وزرا سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی ان کا کوئی عمل دخل ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ جن وزرا کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر صوبائی کابینہ سے فارغ کیا ہے، وہ صوبے میں تحریک انصاف کو نقصان پہنچانے کے ساتھ انتشار پھیلا رہے تھے۔ انتشار پھیلانےوالے بے نقاب ہوچکے ہیں، اُن کے ساتھ پورا حساب کتاب ہو گا ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments