میں اتنی آسانی سے جانے والا نہیں ہوں: آئی جی سندھ کلیم امام
آئی جی سندھ سید کلیم امام نے اپنے تبادلے کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے سندھ حکومت کو للکارا ہے کہ ان کے خلاف بڑی سازش ہوئی ہے، وہ اتنی آسانی سے جانے والے نہیں ہیں اور اگر گئے تو سوا لاکھ ہی کے رہیں گے۔
آئی جی سندھ سید کلیم امام سینٹرل پولیس آفس میں شہدائے سندھ پولیس کی یادگار کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اسی تقریب کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کے بعض حلقوں کی جانب سے سندھ پولیس کے شہداء کی یادگار کے افتتاح کی یہ تقریب ان کی الوداعی تقریب قرار دی جا رہی ہے حالانکہ ایسا ہرگز نہیں۔
آئی جی سندھ سید کلیم امام نے اپنے تبادلے کی خبر کی تردید کی اور کہا کہ "میرا تبادلہ اتنی آسانی سے ہونے والا نہیں ہے” کلیم امام نے کہا کہ میں جاؤں گا تو اپنے مقدر سے جاؤں گا۔ جب جاؤں گا تو کسی بڑی جگہ یا نئے مراحل پر جاؤں گا۔ یہ افتتاحی تقریب تھی جسے میری الوداعی پارٹی سے منسوب کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس والے شاید میری الوداعی پارٹی کے پیسے بچانا چاہ رہے ہیں۔ اگر میرا تبادلہ ہو گیا تو بھی ہاتھی سوا لاکھ ہی کا رہے گا۔


