شاہد خاقان عباسی کے ساتھ جھگڑے کے حوالےسے کوئی بات نہیں کرنا چاہتا: خواجہ آصف


نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پارٹی میں کوئی کنفیوژن نہیں، سب کو پالیسی معلوم ہے۔ جو تاثر دیا جا رہا ہے ایسا کچھ نہیں، پارٹی کی پالیسی واضح ہے۔ پورے پاکستان کو معلوم ہے کہ حکومت کارکردگی نہیں دکھا رہی۔

انہوں نے کہا کہ فردوس عاشق اعوان جیسے غیر منتخب لوگ جو مرضی کہیں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ غیر منتخب لوگوں نے اپنی دکان بھی چلانا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں بھی اعتزاز احسن کے بارے میں بہت کچھ کہہ سکتا ہوں لیکن کہنا نہیں چاہتا۔ اعتزاز احسن کی اپنی پارٹی مین منصب کے لحاظ سے اہمیت نہیں، ان کے بیان کا میں کیا جواب دوں۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی اداروں کا بطور وزیر احترام کرتا تھا، آج بھی کرتا ہوں، میرا سیاسی طور پر دفاعی ادارے سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کے ساتھ جھگڑے کے حوالےسے کوئی بات نہیں کرنا چاہتا، (ن) لیگ میں بہت سے لوگ میرے طرز سیاست کی حمایت نہیں کرتے۔ پارٹی قیادت جو کہے، میری مرضی نہ ہو، پھر بھی قیادت کا حکم پورا کروں گا۔ (آرمی ایکٹ ترمیمی) بل کی حمایت کرنے پر (ن) لیگ کو کوئی دھچکا نہیں لگا، میں اپنے حلقے کی بنیاد پر کہہ سکتا ہوں کہ اس کا کوئی منفی اثر نہیں۔

خواجہ آصف نےکہا کہ نوازشریف کی واپسی کی تاریخ کوئی نہیں دے سکتا البتہ شہبازشریف دو ماہ سے پہلے ہی واپس آ جائیں گے۔ مریم نواز کے باہر جانے کا انحصار عدالت پر ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ مریم نواز والد کے پاس لندن جائیں۔ مریم دوبارہ سیاست کریں گی لیکن اس وقت خاموشی کی ضرورت ہے، نوازشریف کی صحت کی وجہ سے مریم نواز خاموش ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments