میرے پاس تم ہو: پاکستانی آنسو اور آج کی دنیا


2020 کا پہلا مہینہ اختتام کو پہنچا اور ہمارے سامنے دنیا کے تین بڑے مسائل ائے۔

1۔ ایران امریکہ جنگ کا خدشہ

2۔ آسٹریلیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ

3۔ کرونا وائرس

اگر جنگ چھڑ جاتی تو یہ تیسری عالمی جنگ ہو سکتی تھی جس کی وجہ سے کروڑوں کی تعداد میں انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔

اگر بروقت آگ نہ بجھتی تو اوزون لئیر کو نقصان پہنچتا اور دنیا میں جلدی امراض کے خطرات بڑھ جاتے۔

کرونا وائرس نے جہاں چین کو معاشی نقصانات پہنچائے (جانی نقصانات کے حوالے سے سرمایہ دارانہ نظام زیادہ فکرمند نہیں ہوتا) وہیں پر ہمارے پاکستانی طلباء وطالبات کی ویڈیوز نے ان کے والدین کو ایک بڑی پریشانی سے دوبار کیا ہی تھا کہ ہم نے چین کے ساتھ چند دنوں کے لئے فضائی سروس بھی منقطع کرنے کا اعلان کر دیا۔

لیکن ان تمام مسائل کے دورانیے میں ہم بحیثیت ایک قوم کے ایک اور ہی پریشانی کا شکار رہے، ہم نے جس مسئلہ پر زیادہ سوچ بچار کی، پاکستانی آنکھ سے سب سے زیادہ جس کے لئے آنسو نکلے وہ تھی ”میرے پاس تم ہو“ کی آخری قسط۔

اب اگر غیر جانبدار ہو کر سوچیں اور اپنے مزاج کا تجزیہ کریں تو بات واضح ہو جاتی ہے کہ مستقبل بینی کے لئے ہم جس انداز سے فکر مند ہیں کیا وہ فکر ہمارے مسائل کے حل کو تلاش کر پائے گی۔

طلباء وطالبات تک پہلے سے اندازہ لگا رہے ہوتے ہیں کہ آئندہ یہ سوال آئے گا اور یہ نہیں آئے گا۔ ایک بڑی تعداد اس کھوج میں ہوتی ہے کہ پیپر کس نے بنایا ہے؟ اور کچھ اس فکر میں غلطاں ہیں کہ یہ پرچہ چیک کس نے کرنا ہے؟

اب خود سوچئے اگر ہمارے بچے ان فکروں کے ساتھ بڑے ہورہے ہیں تو پھر آنے والے وقت میں جب ان پر باقاعدہ ذمہ داریاں آجائیں گی تو یہ کیسے عہدہ برآ ہوں گے۔ کیونکہ انہیں تو ابھی سے دوسروں کے کاموں کو سوچنے کی عادت پڑ گئی ہے اور اپنا آپ بھلا بیٹھے ہیں۔

یہ دانش کے مرنے پہ آنسو بہانے والی قوم بھلا مستقبل بینی کیا کرے گی اور اس پاکستان کو کیسے سنبھالے گی؟

آنے والا دور جو انڈسٹریل ریولوشن لے کر آ رہا ہے کہ جس میں انسانوں کی جگہ مشینیں کام کریں گی تو خود سوچئے کہ دیوتا کے فرہاد علی تیمور والی خیال خوانی کہاں تک ہمارا ساتھ دے گی۔ ایک طرف بے روزگاری کا رونا تو دوسری طرف انڈسٹری کہ رہی ہے کہ ہماری ضروریات کو پورا کرنے کے لئے تعلیمی ادارے مناسب افرادی قوت تیار نہیں کر پارہی۔

اور کسی ایک کے جاگنے سے بات نہیں بنے گی، ہم سب کو جاگنا ہو گا اور یہ آنسو کسی کامیابی پر بہانے کے لئے بچا کر رکھنا ہوں گے؟

Facebook Comments HS