تبدیلی کے لئے نمبر گیم مکمل: پنجاب میں تحریک انصاف حکومت کسی بھی وقت گرا دی جائے گی


 

مسلم لیگ (ن) کے رہنما وارث کلو کا کہنا ہے کہ تبدیلی کے لئے پنجاب میں نمبر گیم پوری کر لی گئی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کسی بھی وقت گرا دی جائے گی۔ پنجاب میں حکومت گرانے کے لئے ن لیگ اور پیپلز پارٹی مشترکہ منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔ حکمراں جماعت کے ناراض اراکین اسمبلی سے بھی رابطے کیے جا چکے۔ نواز شریف کے حکم کے بعد پہلے صوبے میں اور پھر وفاق میں حکومت کا تختہ الٹ دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی وارث کلو نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب اور وفاق دونوں میں تحریک انصاف کی حکومت کو گرانے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں۔ رہنما ن لیگ کا دعویٰ ہے کہ پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت گرانے کے لئے پیپلز پارٹی کیساتھ مل کر تمام بھاگ دوڑ کی گئی ہے۔ تحریک انصاف کے ناراض اراکین اسمبلی کو بھی ساتھ ملا لیا گیا ہے۔ اب صرف نواز شریف کے حکم کا انتظار ہے۔ جیسے ہی پارٹی سربراہ اشارہ کریں گے، سب سے پہلے پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت کا خاتمہ کیا جائے گا، اس کے بعد وفاق میں بھی حکومت تبدیل کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس وقت پنجاب میں افواہوں کا بازار گرم ہے۔ تحریک انصاف کے اپنی اتحادی جماعتوں خاص کر مسلم لیگ ق سے معاملات خراب ہوئے ہیں۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مسلم لیگ ق صوبے میں تبدیلی کے لئے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سے رابطے میں ہے۔ جبکہ تحریک انصاف کے ناراض اراکین اسمبلی بھی اپوزیشن جماعتوں سے رابطے رکھے ہوئے ہیں۔ تاہم مسلم لیگ ق کا موقف ہے کہ ان باتوں میں کوئی صداقت نہیں۔

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments