وزیراعظم سے اختلاف: جہانگیر ترین سے پرویز خٹک کی اہم ملاقات
وزیراعظم عمران خان سے اختلافات دور کرنے کے لئے وزیر دفاع پرویز خٹک نے پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین سے اہم ملاقات کی۔ جہانگیر ترین نے پرویز خٹک کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
نجی ٹی وی جی این این نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ آٹے اور چینی کے بحران کی وجہ سے عمران خان اور جہانگیر ترین میں دوریاں پیدا ہوئی ہیں جس کی وجہ سے اہم شخصیات پریشان ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سے اختلافات دور کرنے کے لئے وزیر دفاع پرویز خٹک نے رہنما پی ٹی آئی جہانگیر ترین سے اہم ملاقات کی۔ پی ٹی آئی کے اہم رہنما جہانگیر ترین نے نے پرویز خٹک کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین نے پرویز خٹک سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف منظم مہم چلائی جا رہی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے شکوہ کیا کہ وزیراعظم کو میرے بارے میں غلط بریفنگ دی گئی۔ پرویز خٹک نے جلد وزیراعظم سے ملاقات کرکے تحفظات سے آگاہ کرنے کا وعدہ کیا۔ قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے رہنما پی ٹی آئی جہانگیر ترین کی جمعہ کو ملاقات متوقع ہے۔


