اگر مریم نواز پلی بارگین کے بغیر باہر جاتی ہیں تو پھر جیلوں کے دروازے کھول دینے چاہئیں: فواد چوہدری


وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے مریم نواز کی بیرون ملک روانگی کی مخالفت کر دی۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ احتساب کے بیانئے پر نواز شریف کے باہر جانے، نیب کی کمزور پراسیکیوشن اور عدالتوں سے ریلیف سے سخت زد پڑی ہے۔ اس ماحول میں مریم نواز کا باہر جانا احتساب کے بیانئے کے تابوت میں آخری کیل ہو گا، اگر مریم نواز پلی بارگین کے بغیر باہر جاتی ہیں تو پاکستان میں جیلوں کے دروازے کھول دینے چاہئیں۔

خیال رہے کہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ نواز شریف کی سرجری ہونا تھی لیکن انہوں نے مریم نواز کی غیر موجودگی میں سرجری کرانے سے انکار کردیا۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ ان کی بھتیجی مریم نواز کو لندن جانے کی اجازت دی جائے۔

Facebook Comments HS