آٹا، گندم اور چینی بحران: وزیراعظم نے چئیرمین مسابقتی کمیشن وادیا خلیل کو برطرف کر دیا


آٹا، گندم اور چینی کے بحران پر وزیراعظم عمران خان نے چئیرمین مسابقتی کمیشن کو برطرف کر دیا۔ وادیا خلیل کو پہلے بھی برطرف کیا گیا تھا۔ بعد ازاں ہائیکورٹ کے حکم پر دوبارہ بحال ہوئی تھیں۔ عمران خان نے اٹارنی جنرل کو ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو پیش کردہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک میں آٹے، گندم اور چینی کا بحران پیدا ہونے کا اصل ذمے دار قومی مسابقتی کمیشن ہے۔

رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد وزیراعظم نے چئیرمین مسابقی کمیشن وادیا خلیل کو فوری برطرف کرنے کا حکم دیا ہے۔ جبکہ اٹارنی جنرل کو ہدایت کی گئی ہے کہ چئیرمین مسابقتی کمیشن کیخلاف سخت ترین قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آٹا، چینی اور گندم کی ڈیمانڈ اور قیمتوں کو بڑھنے سے روکنے کی ذمے داری مسابقتی کمیشن کی تھی، تاہم کمیشن اپنی ذمے داری سنبھالنے میں ناکام رہا۔ اسی لیے کمیشن کی سربراہ وادیا خلیل کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ روز کے دوران ملک میں یکے بعد دیگرے آٹا، چینی اور گندم کے بحران نے سر اٹھایا۔ اس کے علاوہ اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ بھی دیکھنے میں آیا۔ ملک میں آٹے، گندم، چینی اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافے کے علاوہ یہ اشیا مارکیٹ میں ناپید بھی ہو گئیں۔

بحران کی وجہ معلوم کرنے کیلئے وزیراعظم نے ہنگامی تحقیقات کا حکم دیا تھا، جس کی مبینہ رپورٹ کے نتیجے میں چئیرمین مسابقتی کمیشن وادیا خلیل کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد وادیا خلیل کو چئیرمین مسابقتی کمیشن کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ تاہم بعد ازاں انہوں نے عدالت میں کیس دائر کر کے خود کو دوبارہ اسی عہدے پر بحال کروا لیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments