اتحادیوں سے اختلافات کی خبروں پر وزیراعظم عمران خان کا ردعمل
تحریک انصاف کی حکومت اور اتحادی جماعتوں میں اختلافات کی خبروں پر آخرکار وزیراعظم عمران خان کا ردعمل آ گیا ہے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ اتحادیوں سے جو بھی وعدے کئے ہیں، انہیں پورا کریں گے اور ان کے جو بھی اختلافات ہیں، انہیں دور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان سے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملاقات کی ہے اور اس دوران انہوں نے وزیراعظم کو اتحادی جماعت ق کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ جس پرعمران خان نے شفقت محمود سے کہا کہ کمیٹیوں کا مقصد اتحادیوں سے مسلسل رابطے میں رہنا ہے۔ اس موقع پر وزیر تعلیم نے عمران خان کو بتایا کہ مسلم لیگ ق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین والی کمیٹی کی بحالی چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ق کو یقین دہانی کروائی ہے کہ تمام تحفظات دور کریں گے۔ آج کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس ہے اس میں لائحہ عمل طے کریں گے۔
دوسری جانب اتحادیوں کے معاملات پر گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب کے درمیان لاہور ہوائی اڈے پر ملاقات ہوئی۔ ذرائع نے بتایا کہ اتحادی جماعتوں بالخصوص پنجاب میں مسلم لیگ ق کے تحفظات پر بات چیت کی گئی۔
اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (قائداعظم) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے وزیراعظم کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اتحادیوں پر اعتماد کریں اور فسادیوں سے دور رہیں۔


