مذاکراتی کمیٹیوں میں جہانگیر ترین کو شامل کرنے کا فیصلہ وزیر اعظم کریں گے: پرویز خٹک
حکومت کی مذاکراتی کمیٹیوں کے سربراہ اور وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ مذاکراتی کمیٹیوں میں جہانگیر ترین کو شامل کرنے کا فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کریں گے۔
پرویز خٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئی کمیٹیوں کا قیام وزیراعظم عمران خان کا فیصلہ ہے۔ آج ہم نے اتحادیوں سے مذاکرات کا لائحہ عمل طے کیا ہے۔ ہفتہ کے روز سے اتحادیوں سے مذاکرات شروع ہو جائیں گے۔ مذاکرات کے پہلے سے طے شدہ طریقے کار پر بات ہوگی۔ ہماری کوشش ہو گی کہ معاملات ہفتے 10 دن میں طے ہوجائیں۔
ایک صحافی نے سوال پوچھا کہ کیا جہانگیر ترین کو دوبارہ کمیٹیوں میں شامل کیا جائے گا؟ اس سوال کے جواب میں وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ تو وزیراعظم عمران خان نے کرنا ہے۔ جہانگیرترین خود بھی وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔ جو بات چیت میں اور جہانگیر ترین کر رہے تھے، اسی کو آگے بڑھائیں گے۔
قبل ازیں حکومت کی مذاکراتی کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس ہوا تھا جس میں اتحادیوں سے مذاکرات کیلئے آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی تھی۔


